سوات: وزیر اطلاعات خیبرپختونخوا شوکت یوسفزئی کا کہنا ہے کہ مشکلات کا دور ختم اور خوشحالی کا دور شروع ہونے والا ہے۔
تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر اطلاعات شوکت یوسف زئی نے سوات میں میڈیا بریفنگ کے دوران بتایا کہ کرونا وائرس کا صوبے میں کوئی کیس سامنے نہیں آیا، تمام اسپتالوں میں انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔
دھرنے سے متعلق شوکت یوسفزئی کا کہنا تھا کہ فضل الرحمان کا دھرنا مہنگائی کے خلاف نہیں کسی اور مقصد کے لیے تھا، مولانا صاحب اس دفعہ دھرنے کی غلطی نہیں کریں گے، پچھلے دھرنے کی طرح یہ بھی ناکام ہوگا۔
صوبائی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ محمود خان کی گرفت مضبوط ہے، محمود خان عوامی رابطہ مہم کا آغاز کر دیا ہے، حکومت عوامی مسائل کے حل کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔
شوکت یوسفزئی کا مزید کہنا تھا کہ 3 مہینے بعد ثمرات عوام پر مرتب ہوں گے، مشکلات کا دور ختم اور خوشحالی کا دور شروع ہونے والا ہے۔
کارکردگی نہ دکھانے والے وزرا کو سپورٹ نہیں کریں گے، شوکت یوسفزئی
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں وزیر اطلاعات خیبرپختونخوا شوکت یوسفزئی کا کہنا تھا کہ کارکردگی نہ دکھانے والے وزرا کو سپورٹ نہیں کریں گے۔