ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کا کہنا ہے کہ ایران اسرائیل تنازع خطرناک موڑ پر ہے، تنازع جلد ختم نہ ہواتونتائج دہائیوں تک محسوس ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے اسلامی تعاون تنظیم کے یوتھ فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ غزہ میں نسل کشی اورایران تنازع خطرناک موڑپرپہنچ چکا ہے۔
ترک صدر نے خبردار کیا اسرائیل اورایران کاتنازع تیزی سے ناقابل واپسی مقام کی طرف بڑھ رہا ہے ، جنون جلد ختم ہونا چاہیے ورنہ نتائج کئی دہائیوں تک محسوس ہوں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ موجودہ صورتحال نہ صرف خطے بلکہ یورپ اورایشیا کو بھی متاثر کرسکتی ہے۔
اسرائیل پر ایرانی حملوں کے حوالے سے اردوان نے کہا کہ اسرائیل آج اسپتالوں پرحملےکی شکایت کررہا ہے جبکہ اسرائیل اب تک غزہ میں 700سے زائد طبی مراکز پر حملے کرچکا ہے۔
ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تمام خبریں
ترک صدر نے اسلامی تعاون تنظیم کے یوتھ فورم سے خطاب میں سیزفائر کا مطالبہ دہرایا اور کہا فوری جنگ بندی ہی واحد حل ہے ورنہ آگ پورے خطے کو لپیٹ میں لے سکتی ہے۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے بھی گرینڈیوتھ ایوارڈکی تقریب میں شرکت کی اور ترکیہ کے صدر سے ملے، دونوں رہنماوں میں تہنیتی جملوں کا تبادلہ ہوا۔
ترک صدراردگان کو نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے اعتراف میں ایوارڈ سے نوازا گیا، جس پر اسحاق ڈار نے انھیں مبارکباد پیش کی۔