حیدرآباد: دریائے سندھ کوٹری بیراج پر سیلابی صورتحال کے پیشِ نظر قریب آبادی کے مکینوں کو گھر خالی کرنے کا حکم دے دیا گیا۔
ضلع انتظامیہ کی جانب سے گھر خالی کرنے کے اعلانات کیے جارہے ہیں جس میں ملاح گوٹھ، شہمیر شورو گوٹھ، ڈیتھا گوٹھ کو فوری خالی کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ سحرش نگر اور حسین آباد کے علاقے بھی خالی کیےجائیں۔ لطیف آباد 4نمبر اور 10 نمبر میں بھی اعلانات کیے گئے ہیں۔
ضلع انتظامیہ نے کہا ہے کہ کوٹری بیراج پر نچلے درجے کے سیلاب کی صورتحال ہے لہذا علاقہ مکین مال مویشیوں کے ساتھ محفوظ مقامات پر چلے جائیں کیونکہ کسی وقت بھی نقصان ہونے کا خطرہ موجود ہے۔
صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ ہم نے سندھ میں 100 سے زائد چھوٖٹے ڈیم بنائے ہیں، ورلڈبینک نے ہماری کارکردگی کو سراہا ہے۔
ناصر حسین شاہ نے ڈیمز کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ورلڈبینک نے سندھ حکومت کی کارکردگی کو سراہا ہے، سندھ حکومت نے سُپرفلڈ سے نمٹنے کی تیاریاں کررکھی ہیں، سندھ میں زیادہ سے زیادہ 6 سے 7 لاکھ کیوسک کا ریلا آئےگا، 6 سے 7 لاکھ کیوسک کا ریلا آرام سے گزر جائےگا۔
ناصرحسین شاہ نے کہا کہ غیرمتوقع بارشوں کے پیش نظر تیاریاں پوری کررکھی ہیں، ریلیف کیمپس تیار کرلیے ہیں، حساس اسپاٹس پر نظر ہے، کوشش ہے کہ کچے سے لوگوں کا انخلا کردیں۔