سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے افسران کی جانب سے رشوت طلب کرنے کا معاملے پر اہم پیش رفت ہوئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ڈی جی ایس بی سی اے یاسین شر نے بھتہ طلب کرنے والے پانچوں افسران کو معطل کر دیا۔
ڈائریکٹر جنرل سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی نے معاملے کی تحقیقات کے لئے تین رُکنی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ گریڈ 20 کے ڈائریکٹر بینیش شبیر کمیٹی کے سربراہ ہوں گے۔ کمیٹی میں گریڈ 19 کے علی مہدی اور گریڈ 18 کے جلیس صدیقی بھی شامل ہیں۔
کل ایس بی سی اے کے پانچ افسران کے خلاف گذشتہ روز پریڈی تھانہ میں بھتہ طلبی کا مقدمہ درج ہوا تھا۔
ذرائع کے مطابق ڈپٹی ڈائریکٹر سید اویس حسین اس سے پہلے بھی کرپشن کے الزام میں معطل ہوچکے ہیں۔ تحقیقاتی کمیٹی 15 دن میں اپنی رپورٹ تیار کرکے ڈی جی ایس بی سی اے کو جمع کرائے گی۔