کراچی میں شدید گرمی کی لہر برقرار، پارہ مزید بڑھنے کا امکان

کراچی موسم

کراچی : شہر قائد میں گرمی کا راج برقرار ہے ، شہر میں آج بھی پارہ 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔

تفصیلات کے مطابق ملک کے بیشتر حصوں میں آج بھی موسم شدید گرم رہنے کی پیشگوئی کی ہے، جنوبی اور وسطی علاقے شدید گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر کا موسم آج بھی گرم اورمرطوب رہےگا اور دن کےاوقات میں درجہ حرارت 38ڈگری تک پہنچنے کا امکان ہے جبکہ گرمی کی شدت 42ڈگری تک محسوس کی جاسکتی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق موجودہ درجہ حرارت31 ڈگری سینٹی گریڈ ہے اور ہوا میں نمی کاتناسب 75 فیصد ہے۔

محکمہ موسمیات نے آئندہ چوبیس گھنٹے کے دوران کراچی، کوئٹہ، لاہور میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کی پیشگوئی کی ہے۔

راولپنڈی، اٹک، تلہ گنگ، چکوال، پشاور، چترال، دیر، سوات، کشمیر اور گلگت بلتستان میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی ہے۔

جیکب آباد، شہداد کوٹ، شکار پور، لیاقت پور، علی پور میں درجہ حرارت پینتالیس ڈگری سینٹی گریڈ ہوگیا جبکہ شیخوپورہ، پاکپتن، خانیوال میں پارہ چوالیس، اور لاہور، فیصل آباد، ساہیوال میں تینالیس ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

پنجاب میں اکیس سے ستائیس مئی تک ہیٹ ویو کا بھی خدشہ ہے، پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق بہاولپور، رحیم یارخان، ڈیرہ غازی خان اور ملتان میں ہیٹ ویو کی لہر شدید ہوسکتی ہے۔