شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ فہیمہ اعوان شوہر کے اچانک انتقال کا ذکر کرتے ہوئے جذباتی ہوگئیں۔
اے آر وائی ڈیجیٹل کے پروگرام ’گڈ مارننگ پاکستان‘ میں اداکارہ فہیمہ اعوان نے شرکت کی اور بتایا کہ زندگی کے مشکل حالات کا انہوں نے کیسے سامنا کیا۔
فہیمہ اعوان نے کہا کہ ’شوہر فیصل کو دو مرتبہ دل کا دورہ پڑا، وہ ڈپریشن میں بھی چلے گئے تھے، میں ان سے بارہا کہتی رہی کہ آپ تھراپی کروالیں لیکن انہوں نے انکار کردیا، وہ بہت فٹ تھے جب ڈانس کرتے تھے تو تھکتے نہیں تھے۔‘
انہوں نے بتایا کہ ’وہ دو ہارٹ اٹیک کے بعد ٹھیک ہونا شروع ہوگئے تھے، میں عمرے کی ادائیگی کے لیے گئی تو شوہر سے کہا کہ فیصل میں نے تمہارا خواب دیکھا ہے اب تم ٹھیک ہوجاؤ گے۔‘
فہیمہ اعوان نے کہا کہ ’اچانک انہیں چکر آئے تو دیورا کا سہارا لیا ایک وزنی 40 سے 50 کلو کا ٹائل ان کے پیٹ پر گرا جس سے ان کی آنت متاثر ہوئی لیکن وہ اسپتال نہیں گئے اور کہنے لگے کہ میں ٹھیک ہوں بس ہلکا سا پیٹ میں درد ہے۔‘
اداکارہ نے بتایا کہ میں عمرے کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب میں موجود تھی مجھے وہاں عجیب سی گھبراہٹ ہورہی تھی، کچھ اچھا نہیں لگ رہا تھا میں گم سم بیٹھی ہوئی تھی جب عمرہ ادا کرنے کے بعد گھر آئی تھی تو سسر کی کال آئی بتانے لگے کہ فیصل کی سرجری ہوئی ہے اور کامیاب ہوگئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’شوہر کی سرجری کا سن کر میں پریشان تھی اور مجھے سکون نہیں مل رہا تھا ایسا لگا جیسے کچھ ہونے والا ہے پھر فون آیا کہ فیصل کا انتقال ہوگیا ہے۔
فہیمہ اعوان نے کہا کہ ’مجھے یقین نہیں آرہا تھا میں نے کہا کہ یہ نہیں ہوسکتا، میں ہر بیماری کے وقت شوہر کے ساتھ تھی لیکن انتقال کے وقت میں ان کے ساتھ نہیں تھی تو سب سمجھانے لگے کہ فہیمہ تم اس لیے ساتھ نہیں تھیں کیونکہ تم یہ صدمہ برداشت نہیں کرسکتی تھیں۔
انہوں نے کہا کہ ’حرم میں اللہ تعالیٰ سے دعا کی کہ اب میں ہی اپنے بچوں کی ماں اور باپ ہوں، آپ مجھے زندہ رکھیں اور مجھے طاقت دیں۔‘