ٹی 20 ورلڈ کپ میں ناکامی ایک اور کپتان کی قیادت نگلنے کو تیار

حالیہ ٹی 20 ورلڈ کپ میں ناکامی کے بعد نیوزی لینڈ اور سری لنکن کپتانوں نے قیادت چھوڑنے کا اعلان کیا اب ایک اور بڑی ٹیم کے کپتان قیادت کو الوداع کہنے والے ہیں۔

برطانوی میڈیا رپورٹ کے مطابق امریکا اور ویسٹ انڈیز کی مشترکہ میزبانی میں کھیلے گئے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں اعزاز کا دفاع کرنے میں ناکامی پر انگلش کپتان جوز بٹلر کی کپتانی خطرے میں پڑ گئی ہے۔

گزشتہ ماہ آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ میں انگلینڈ نے دفاعی چیمپئن کی حیثیت سے شرکت کی لیکن اپنے اعزاز کا کامیاب دفاع نہ کر سکی۔

انگلینڈ کو بھارت نے سیمی فائنل میں ہرا کر دوبارہ ورلڈ چیمپئن بننے کا خواب چکنا چور کیا تاہم یوں میگا ایونٹ سے باہر ہونے پر اب کپتان جوز بٹلر کی قیادت پر سوال اٹھائے جا رہے ہیں اور ان کی کپتانی بھی خطرے میں پڑ گئی ہے۔

برطانوی میڈیا نے رپورٹ کیا ہے کہ انگلش بورڈ کو کوچنگ اسٹاف اور کھلاڑیوں کی جانب سے منفی رپورٹس دی گئی ہیں جس کی وجہ سے جوز بٹلر جلد قیادت چھوڑنے کا اعلان کر سکتے ہیں۔

دوسری طرف اسی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بدترین ناکامی کے بعد جہاں نیوزی لینڈ اور سری لنکا کے کپتان ناکامی کی ذمے داری قبول کرتے ہوئے قیادت چھوڑ چکے ہیں وہیں امریکا سے شکست کے بعد پہلے ہی مرحلے میں میگا ایونٹ سے باہر ہونے والی پاکستانی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کی جانب سے مکمل خاموشی چھائی ہوئی ہے۔

وطن واپسی کے بعد بابر اعظم کی جانب سے مائیکل جیکسن کے گانوں پر ٹریننگ کی ویڈیوز بھی سوشل میڈیا پر شیئر کی گئیں جس پر شائقین نے منفی ردعمل کا اظہار کیا ہے۔