کراچی: شہرِ قائد کے میئر وسیم اختر کی سرکاری گاڑی چھن جانے کے معاملے میں مداخلت کرتے ہوئے تحریکِ انصاف کے رکن قومی اسمبلی فیصل واوڈا نے معطل ایس ایچ او کو بحال کروادیا۔
تفصیلات کے مطابق میئر کراچی کی سرکاری گاڑی چھن جانے کے بعد ڈی آئی جی جنوبی جاوید اوڈھو نے علاقے کے ایس ایچ او کو ذمہ دار قرار دیتے ہوئے معطل کردیا تھا، فیصل واوڈا نے مداخلت کرتے ہوئے مذکورہ ایس ایچ او کو بحال کروادیا۔
فیصل واوڈا نے بتایا کہ ایڈیشنل آئی جی کراچی امیر شیخ نے فیصلہ واپس لے لیا، نئے پاکستان میں معطلی کی یہ ڈرامے بازی نہیں چلے گی، مئیر، وزیرِ اعلیٰ، وزیرِاعظم، کو ئی بھی ہو، قانون سب کے لیے برابر ہوگا۔
I’m thankful to Karachi Police Chief and DIG that they cleared the difference between a common man and a so called VIP Mayor and stopped suspension of SHO and given him target to bust the gang and recover the stolen vehicle.
— Faisal Vawda (@FaisalVawdaPTI) September 8, 2018
پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما فیصل واوڈا نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا ’کراچی پولیس چیف اور ڈی آئی جی کا شکریہ ادا کرتا ہوں، پولیس افسران نے عام آدمی اور نام نہاد وی آئی پی میئر کے خلاف فرق ختم کیا۔‘
انھوں نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ کے ذریعے اطلاع دی کہ ایس ایچ او کی معطلی کا حکم نامہ روک دیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایس ایچ او کو کار چور گینگ کی گرفتاری اور میئر کی گاڑی ریکور کرنے کا حکم دے دیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں: کراچی جنوبی زون میں گاڑیاں چھیننے والوں نے سرکاری گاڑیوں کو ہدف بنا لیا
دوسری طرف میئر وسیم اختر نے اپنے دفتر کی سرکاری گاڑی چھن جانے پر اظہارِ تشویش کرتے ہوئے کہا کہ محرم سے قبل سرکاری گاڑی کا چھن جانا لمحۂ فکریہ ہے۔
وسیم اختر نے کہا ’ڈیفنس میں اسٹریٹ کرائم دن بہ دن بڑھ رہے ہیں، سندھ حکومت نے گاڑی کے سلسلے میں مجھ سے اب تک کوئی رابطہ نہیں کیا، ڈی آئی جی نے ایکشن لیا ہے، دیکھتے ہیں کہ کیا کارروائی ہوتی ہے۔‘