کاش پاکستان کے پاس فیلڈ مارشل جیسا جمہوری لیڈر بھی ہوتا، فیصل واوڈا

کاش فیلڈ مارشل عاصم منیر جیسا جمہوری لیڈر بھی ہوتا، فیصل واوڈا

اسلام آباد (12 اگست 2025): سینیٹر فیصل واوڈا کا کہنا ہے کہ جیسا کہا تھا بالکل ویسے ہی فیلڈ مارشل آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی عالمی کامیابیوں کا سلسلہ جاری ہے۔

فیصل واوڈا نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ بھارت کو شکست اور ٹیرف میں شرمندگی فیلڈ مارشل آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا ایک اور بین الاقوامی معرکہ ہے۔

سینیٹر نے کہا کہ بھارتی اسپانسرڈ بی ایل اے اور مجید بریگیڈ کو امریکا نے عالمی دہشتگرد تنظیمیں قرار دیا جس کا مطلب یہی ہے کہ بھارت ہی دہشتگرد ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی کا خطرناک منصوبہ جلد سامنے لاؤں گا، فیصل واوڈا

سابق وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ فیلڈ مارشل آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے اپنی قابلیت کو بین الاقوامی طور پر ثابت کر دیا ہے، کاش پاکستان کے پاس ان کے جیسا جمہوری لیڈر بھی ہوتا۔

ان کا کہنا تھا کہ پہلے کوئی لیڈر تھا، نہ آج کوئی ہے اور نہ ہی آگے کوئی نظر آ رہا ہے، اب دیکھیں اس کے بعد کیا کیا ہوتا ہے؟

واضح رہے کہ فیصل واوڈا نے جون میں فیلڈ مارشل آرمی چیف جنرل عاصم منیر کے پہلے دورہ امریکا کے دوران کہا تھا کہ وہ پاکستان کیلیے اچھی خوشخبری لےکر آ رہے ہیں۔

پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو میں سینیٹر نے کہا تھا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے سپہ سالار کی ملاقات کے بارے میں ڈھائی ماہ پہلے بتا دیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ دونوں کی ملاقات میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کا کسی قسم کا ذکر نہیں آئے گا اور سپہ سالار پاکستان کیلیے اچھی خوشخبری بھی لے کر آ رہے ہیں۔