فیلڈ مارشل نے صرف جنگ نہیں جیتی ، بلکہ عوام کے دل بھی جیت لیے ہیں، فیصل واوڈا

فیصل واوڈا

اسلام آباد :سینیٹر فیصل واوڈا کا کہنا ہے کہ فیلڈ مارشل نے صرف جنگ نہیں جیتی ، بلکہ عوام کے دل بھی جیت لیے ہیں، ہمارے لیے تو قائد فیلڈ مارشل ہیں جو پاکستان کیلئے کامیابیاں سمیٹ رہے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق سینیٹر فیصل واوڈا نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام دی رپورٹرز میں گفتگو کرتے ہوئے سیاسی قیادت پر شدید تنقید کی اور موجودہ ملکی صورتحال پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

فیصل واوڈا نے کہا کہ ہم بچپن سے ایک ہی جمہوری شکلیں دیکھ رہے ہیں، کوئی تبدیلی نہیں آئی، اسمبلی فلور پر کئی بار کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کے لیے اقدامات کرنا ہوں گے مگر آج بھی سب وہی پرانا راگ الاپ رہے ہیں، کوئی ٹک ٹاک میں مصروف ہے تو کوئی گالیاں دے رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں کرپشن کا بازار گرم ہے، خیبرپختونخوا میں درخت کاٹ دیے گئے، سندھ کی صورتحال بھی سب کے سامنے ہے، گودام گندم سے بھرے تھے لیکن نااہلی کے باعث ہزاروں ٹن گندم خراب ہوگئی، چینی بحران دیکھ لیں، 75 سال سے گندم اور چینی کا مسئلہ حل نہیں کرسکے۔

سینٹر واوڈا کا کہنا تھا کہ کہ قوم آج فیلڈ مارشل عاصم منیر کے پیچھے کھڑی ہے، انہوں نے صرف جنگ نہیں جیتی بلکہ عوام کے دل بھی جیتے ہیں۔ فیلڈ مارشل اپنی قابلیت سے عالمی سطح پر پاکستان کا لوہا منوا رہے ہیں اور ان کے ایک دورے سے اربوں روپے کی سرمایہ کاری آجاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی عوام کے لیے قائد آج فیلڈ مارشل ہیں، ان پر کوئی داغ نہیں، انہیں روکنے کی بھی کوشش کی گئی مگر ناکامی ہوئی۔

ان کا کہنا تھا کہ تسلسل کے درمیان میں کوئی بھی آیا تو اسے روند دیا جائے گا، پاکستان کی ترقی اور کامیابی کے لیے مزید اقدامات کی ضرورت ہے۔ 2026 میں پاکستان میں ترقی کے تسلسل کے ساتھ بہت کچھ اچھا ہوتا دیکھیں گے۔

فیصل واوڈا نے کہا کہ فوج ہمیشہ مشکل وقت میں عوام کے ساتھ کھڑی رہی ہے۔ سیلاب یا کوئی بھی مسئلہ آتا ہے تو سب سے پہلے فوج ہی مدد کو پہنچتی ہے۔

پی ٹی آئی کی موجودہ قیادت پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سینیٹ کی 10 نشستیں تھیں جن میں سے 8 پی ٹی آئی جیت سکتی تھی لیکن قیادت نے انہیں 5 پر لایا اور پھر لین دین کی۔ بعد میں یہ 5 بھی 4 ہوگئیں کیونکہ ایک نشست مراد سعید کو دی گئی مگر وہ نہیں آئے۔ یہ مسائل اس لیے ہیں کہ ہم پارلیمنٹیرینز اپنی ذمہ داریاں پوری نہیں کر رہے۔

سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کسی کی جاگیر نہیں، جو اچھا کام کرے گا ہم اس کی تعریف کریں گے، موجودہ پی ٹی آئی لیڈرشپ ہی موجودہ حکومت کی ضامن ہے۔ ہماری بدقسمتی ہے کہ ملک کوئی جمہوری لیڈر پیدا نہ کرسکا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں روشنی ہمیں فیلڈ مارشل کی صورت میں نظر آرہی ہے، انہوں نے ملک کے استحکام کے لیے اقدامات کیے ہیں اور آئندہ بھی کریں گے۔