مولانا فضل الرحمان ذاتی مفادات کے لیے احتجاج کررہے ہیں، فیصل واوڈا

اسلام آباد : وفاقی وزیر آبی وسائل فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان ذاتی مفادات کے لیے احتجاج کررہے ہیں، آنے والے وقت میں بتاؤں گا کہ احتجاج اوراس کے پیچھے اصل مقاصد کیا ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے ایسا کیا کردیا ہے کہ فضل الرحمان بلبلا اٹھے ہیں، ملک میں کوئی ایسا کوئی مسئلہ نہیں جس پر مولانا احتجاج کررہے ہیں۔

فیصل واوڈا نے کہا کہ فضل الرحمان مدرسے کےطلبہ کو سیاست کیلئے استعمال کررہےہیں، دونوں جماعتیں مولانا فضل الرحمان کو استعمال کررہی ہیں، فضل الرحمان مسئلہ کشمیر پر کوئی گفتگو نہیں کررہے۔

نا کا مزید کہنا تھا کہ ہم نیک نیتی سے مذاکرات کے لیے گئے لیکن رہبرکمیٹی نہ مانی، مولانا فضل الرحمان ذاتی مفاد کے لیے احتجاج کررہے ہیں، کسی کمیٹی کا چیئرمین بنا دیں تو مولانافضل الرحمان احتجاج نہیں کریں گے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پرامن احتجاج سب کاحق ہے لیکن اس احتجاج کامقصد کیا ہے وہ تو بتائیں، ریاست کے اندر ریاست نہیں بننے دیں گے، ڈنڈا بردار فورس کسی صورت قبول نہیں کریں گے۔

انہوں نے انکشاف کیا کہ آنے والے وقت میں بتاؤں گا کہ احتجاج اوراس کے پیچھے اصل مقاصد کیا ہیں، قوم کو نظر آرہا ہے اپوزیشن کے پاس کوئی خاص ایشو نہیں ہے۔