مولانا فضل الرحمان کا سیاسی فین ہوں، فیصل واوڈا

مولانا فضل الرحمان کا سیاسی فین ہوں، فیصل واوڈا

اسلام آباد: سابق وفاقی وزیر و سینیٹر فیصل واوڈا کا کہنا ہے کہ سربراہ جمعیت علمائے اسلام (ف) مولانا فضل الرحمان کا تب سے سیاسی فین ہوں جب انہوں نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو پیچھے لگایا۔

رہنما جے یو آئی (ف) کامران مرتضیٰ کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل واوڈا نے کہا کہ میرا اور کامران مرتضیٰ کا ہاتھ جدا نہیں ہوگا، میں یہاں کسی مطلب یا مفاد کیلیے نہیں آیا۔

فیصل واوڈا نے بتایا کہ مولانا فضل الرحمان سے 26ویں ترمیم پر بات ہوئی، پی ٹی آئی نے جو کیا اس پر انہوں نے مخلصی دکھائی، میں دوستی اور دشمنی کھل کر نبھاتا ہوں، سیاسی طلاقیں اور سیاسی عدت سے متعلق مولانا فضل الرحمان سے معلومات لیں، سربراہ جے یو آئی (ف) کا گھر سیاسی قلعہ ہے ہمیں ماننا چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ خیبر پختونخوا میں مولانا فضل الرحمان کے مینڈیٹ سے ساتھ زیادتی ہوئی، پی ٹی آئی نے ان کے ساتھ جو کیا اس پر بولوں گا۔

ان کا کہنا تھا کہ نفرتوں کی آگ بجھانے کیلیے ہر اسٹیک ہولڈر کے پاس جاؤں گا، مذاکرات سے ہی چیزیں آگے بڑھتی ہیں، مذاکرات ناممکن کو ممکن بنانے کا حل ہے، بڑی بڑی جنگیں مذاکرات سے حل ہوئی ہیں۔

سینیٹر نے گفتگو میں یہ بھی کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی زندگی کو بیگم اور حواریوں سے خطرہ ہے۔

ادھر، کامران مرتضیٰ نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ہم تو میزبان ہیں مہمانوں کی بات سنتے ہیں، فیصل واوڈا سے بات ہوئی امید ہے بات آگے بڑھے گی۔