اسلام آباد : سینیٹر فیصل واوڈا کا کہنا ہے کہ یہ نہیں ہوسکتا کہ حکومت غلط کام کرے اور سارا ملبہ اداروں پر ڈال دے۔
تفصیلات کے مطابق سینیٹر فیصل واوڈا نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام دی رپورٹرز میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی علی امین گنڈاپورکی ہربات کی حمایت کررہے ہیں جبکہ وہ پیادہ ہے۔
انھوں نے بتایا کہ ملائیشین وزیراعظم اسلام آباد میں ہیں، عالمی رہنما بھی پاکستان آرہے ہیں، پاکستان درست ٹریک پر جا رہا ہے اور آئی ایم ایف معاہدہ ہوگیا ساتھ ہی معیشت بہتر ہو رہی ہے، ڈالرکی قیمت کم ہو رہی ہے، بجلی کےبل کم ہونے جا رہے ہیں، سرمایہ کاری آرہی ہے۔
ملکی معاشی صورتحال میں بہتری پر سینیٹر واوڈا نے کہا کہ موجودہ حالات میں بہتری کا سہرا ایس آئی ایف سی کو جاتا ہے، حکومت کی کارکردگی کی باتیں کریں گے تو ایس آئی ایف سی کو سہرا دوں گا، ایس آئی ایف سی کی باتیں کریں گے تو آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی تعریف کروں گا۔
ان کا کہنا تھا کہ ایک ہوتا ہے آرمی چیف اورایک ہوتا ہے قابل آرمی چیف، یہ نہیں ہوسکتا کہ حکومت غلط کام کرے اور سارا ملبہ اداروں پر ڈال دے۔
انھوں نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی کیساتھ 15 سال گزارے،3 سال پہلے والے اور ابھی والے میں فرق ہے۔
راستوں کی بندش کے حوالے سے سینیٹر واوڈا نے کہا کہ یہ ایک نکمی اسٹریٹیجی ہوتی ہے کہ آپ ملک بھر کو بند کر دیتےہیں، دوسری طرف یہ لوگ لاشوں کی سیاست کرنا چاہتے ہیں، اگر بلوا ہوگا تو اس میں کچھ بھی ہو سکتا ہے ، ایسی صورتحال میں پیچھے ہٹنا چاہیے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ قانون بن گیا ہےکہ آپ ڈی چوک پرنہیں آسکتےتووہاں نہ آئیں، یہ لوگ ڈی چوک اس لیےآناچاہتےہیں کہ انتشار کرناچاہتےہیں، لاشوں کی سیاست اس وقت بانی پی ٹی آئی اورعلی امین گنڈاپور کو چاہیے۔