’فیض‌ حمید کے معاملے پر فوج نے پیغام دیا کہ انصاف کیلیے اپنے پرائے میں فرق نہیں کرتے‘

اسلام آباد: سینیٹر فیصل واوڈا کا کہنا ہے کہ پاک فوج نے پیغام دیا ہے کہ انصاف کے لیے اپنے پرائے میں فرق نہیں کرتے۔

اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا کہ فوج نے پیغام دیا کہ موجودہ قیادت ایماندار ہے، بہت بڑے برج بننے ہوئے تھے اب ان کی بھی باری ہے انہوں نے بھی گرنا ہے۔

فیصل واوڈا نے کہا کہ فیض حمید کا شمار طاقتور لوگوں میں ہوتا تھا آج انہیں بھی احتساب کا سامنا ہے، جو خود کو آئین و قانون سے بالاتر سمجھتے ہیں انہیں بھی آئین  و قانون کے دائرے میں لانا چاہیے، جو میں نے آج پیشگوئیاں کی ہیں آئندہ مہینوں میں نہیں ہفتوں میں دیکھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اداروں کو نقصان پہنچانے والوں کا بھی احتساب ہوگا، پاکستان کو نقصان پہنچانے والوں کا احتساب ہونا چاہیے تاکہ آنے والی نسلیں یاد رکھیں۔

فیصل واوڈا کے مطابق فیض آباد دھرنا کیس تو چھوٹا ہے ابھی بہت بڑے کیسز سامنے آئیں گے، سپہ سالار کو مبارک باد دیتا ہوں جو ناممکن تھا وہ بھی ممکن کردکھایا۔

سینیٹر نے کہا کہ آئین و قانون کا نقصان ہو تو ایسے اقدامات ہونے ہی تھے، یہ شروعات ہے ابھی بہت بڑے بت گرنے ہیں، آنے والے دنوں میں ارشد شریف سے متعلق بھی حقائق سامنے آئیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ٹاپ سٹی کے کیس میں اور بھی کئی نام سامنے آئیں گے، 9 مئی والوں کی پشت پناہی کرنے والوں کا بھی احتساب ہوگا۔

فیصل واوڈا نے کہا کہ جو بھی پاکستان کو نقصان پہنچائے گا اب اس کا احتساب ہوگا، سیاست دانوں سمیت چوریاں بچانے والے سب لوگوں کی باری ہے۔