اسلام آباد: سینیٹر فیصل واوڈا کا کہنا ہے کہ سب کو معلوم ہے پی ٹی آئی سے مجھے دھکے دے کر نکالا گیا۔
اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’دی رپورٹرز‘ میں گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا کہ پی ٹی آئی کو بہت کچھ دیا اور مجھے بھی بہت کچھ ملا ہے، بانی پی ٹی آئی نے مجھے سیاست سکھائی ہے لیکن سب کو معلوم ہے کہ مجھے پارٹی سے دھکے دے کر نکالا گیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ ایک پارٹی سے نکل گیا تو اس میں دوبارہ نہیں جاسکتا۔
فیصل واوڈا نے کہا کہ اگست ستمبر میں سیاسی موسم گرم نظر آرہا ہے، آئین میں واضح لکھا ہے کہ تین دن ہوں گے اور فلور کراسنگ نہیں ہوگی، آئین میں ترمیم کرنے کا حق پارلیمنٹ کے پاس ہے سپریم کورٹ کے پاس نہیں۔
سینیٹر نے کہا کہ پہلے الیکشن کمیشن پھر پارلیمنٹ، اسپیکر اور صدر ہیں، پارلیمنٹ سپریم ہے اور آئین میں ترمیم کرنے کا حق رکھتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ٹکراؤ کی طرف کوئی نہیں جارہا، آئین کو اپنی مرضی سے پڑھا جارہا ہے۔
فیصل واوڈا نے کہا کہ پہلے ہی کہہ دیا تھا کہ انتخابی فہرست پر بلے کا نشان نہیں ہوگا، یہ بھی کہا تھا کہ بانی پی ٹی آئی جیل میں ہی رہیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عدالتی فیصلے کے بعد جو نعرے بازی ہوئی کیا وہ میں نے کی تھی؟ بانی پی ٹی آئی نے خود کہا کہ جی ایچ کیو کے باہر احتجاج کے لیے میں نے کہا تھا۔