منافق سیاستدان ودیگر اپنی سمت ٹھیک کرلیں، ورنہ رگڑ دیے جائیں گے، فیصل واوڈا

(17 اگست 2025): سینیٹر فیصل واوڈا نے سیاستدان این جی اوز ودیگر ہمیشہ افواج پاکستان کو کمزور کرنے کی کوشش کرتے رہے ہیں وہ اپنی سمت ٹھیک کر لیں۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق سینیٹر فیصل واوڈا نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر ایک ٹویٹ کیا ہے، جس میں انہوں نے سیاستدانوں سمیت این جی اوز اور دیگر پر شدید تنقید کی ہے۔

فیصل واوڈا نے لکھا کہ سیاستدان، این جی اوز اور دیگر ہمیشہ افواج پاکستان کو کمزور کرنے کی کوشش کرتے رہے ہیں۔ یہ اپنے ذاتی مفادات کے لیے گھناؤنی کوشش کرتے ہیں۔

سینیٹر نے اپنے ٹویٹ میں مزید لکھا کہ ایک بار پھر فیلڈ مارشل کی سربراہی میں افواج نے ملک کو بڑی دہشت گردی سے بچا لیا۔ اس کی تفصیلات جلد سامنے لائی جائیں گی۔

ان کا کہنا تھا کہ تمام منافق سیاستدان اور دیگر پنی سمت ٹھیک کرلیں، اور پاکستان کی ترقی کا جو تسلسل جاری ہے اس میں رکاوٹ پیدا نہ کریں، ورنہ بڑے بڑے طرم خان رگڑ دیے جائیں گے۔ امید ہے کہ سب کو میری بات صحیح طرح سمجھ آ رہی ہوگی۔