اسلام آباد : وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ ڈیم ضرور بنے گا، ٹینڈر ایوارڈ ہوگیا ہے، قوم کے اٹھارہ ارب روپے بچا لیے، ضمانت مل جائے تو بھی نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نہیں نکالیں گے۔
تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی اجلاس کے دوران حکومتی اور اپوزیشن اراکین کے درمیان بحث و تکرار جاری رہی، وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا نے قومی اسمبلی کے شور شرابے میں قوم کو خوشخبری سنادی۔
ان کا کہنا تھا کہ ڈیم ضرور بنے گا اس کا ٹینڈر ایوارڈ ہوگیا ہے، بھاشا ڈیم منصوبے کی لاگت میں پندرہ فیصد اضافے کی اجازت تھی جو حکومت نے نہیں کیا۔
اس طرح ہم نے اس پروجیکٹ میں پاکستانی قوم کے اٹھارہ ارب روپے بچا لیے ہیں، اپنی وزرات سے بچائے گئے اٹھارہ ارب سے بلوچستان میں پندرہ سال سے تاخیر کا شکار ڈیم بنانا چاہتا ہوں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کا پانی بالکل محفوظ ہے، مودی سرکار ہمارا پانی نہیں روک سکتی، ہم اپوزیشن اراکین کی باتوں کا جواب ان کی زبان میں جواب دے سکتے ہیں لیکن ہماری پرورش ایسی نہیں ہے۔
نواز شریف کو ضمانت مل بھی جائے تو ای سی ایل سے نام نہیں نکالیں گے،
علاوہ ازیں فیصل واوڈا کا کہنا ہے کہ نوازشریف کی پٹیشن کا فیصلہ عدالت نے کیا ہے، ضمانت مل بھی جائے تو ای سی ایل سے نام نہیں نکالیں گے، نوازشریف کو علاج کرانا ہے تو پاکستان میں کرائیں بیرون ملک سے نہیں۔
یہ بات انہوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام آف دی ریکارڈ میں میزبان کاشف عباسی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہی، فیصل واوڈا کا مزید کہنا تھا کہ نواز شریف کو پریشانی اسی لیے ہے کہ بادشاہت کی زندگی گزارنے کے بعد عام آدمی کی زندگی برداشت نہیں ہوتی.
وزیر اعظم عمران خان کے چہرے پر تھکاوٹ نظرآتی ہے کیونکہ وہ عوام کیلئے وزیراعظم بنے ہیں، وزیراعظم ہاؤس کا آڈٹ ہوا ہے، اخراجات46فیصد نیچے آئے ہیں۔