فیصل آباد : دوستی نہ کرنے پر نوجوان نے لڑکی کو گولی مار دی تاہم پولیس نے دو ملزمان کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق فیصل آباد کے ڈگرانواں روڈ پر دوستی نہ کرنے پر نوجوان کی فائرنگ سے ویٹرس جاں بحق اور ساتھی ملازمہ زخمی ہوگئی۔
پولیس نے بتایا کہ رسول پورہ کا رہائشی احمد علی اپنی محلے دار اور کینال روڈ پر ریسٹورنٹ میں ویٹرس مریم سے دوستی کرنا چاہتا تھا، جس سے مریم نے انکار کر دیا ۔
گزشتہ رات گئے مریم ہوٹل ڈیوٹی کے بعد گئوشالہ کی رہائشی ساتھی ویٹرس اسماء کے ساتھ گھر جا رہی تھی کہ ڈگراواں روڈ پر موٹرسائیکل سوار ملزمان احد اور فہد نے انہیں روک لیا۔
احد نے پستول سے فائرنگ کی ، جس سے اسماء موقع پر جاں بحق جبکہ مریم شدید زخمی ہو گئی اور ملزمان فائرنگ کے بعد موٹر سائیکل پر فرار ہو گئے۔
تھانہ ڈی ٹائپ کالونی پولیس نے مقتولہ کی لاش اور زخمی مریم کو الائیڈ اسپتال منتقل کیا۔
پولیس نے زخمی مریم کی نشاندہی پر دونوں ملزمان احمد اور فہد کو گرفتار کر کے ان کے خلاف مقتولہ اسماء کے والد عبدالمجید کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا ہے۔