لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا کہ فیصل آباد میں پولیس کی نفری کی کمی کو پورا کیا جائےگا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت فیصل آباد ڈویژن کے اراکین پارلیمنٹ کا اجلاس ہوا، فیصل آباد ڈویژن میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور اسکیموں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ اراکین قومی و صوبائی اسمبلی نے منصوبوں کے بارے میں تجاویز پیش کیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر گئے اور مصافحہ کیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فیصل آباد ڈویژن کے مسائل اراکین کی مشاورت سے حل کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کے عزت و احترام پر سمجھوتہ نہیں ہوگا، منتخب نمائندوں کے جائز کاموں میں کسی کو رکاوٹ نہیں ڈالنے دی جائےگی۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ ماضی میں نمائشی منصوبوں کو شروع کر کے قومی خزانہ لٹایا گیا، ہماری حکومت نے ماضی کی غلط روایت کا خاتمہ کیا ہے۔
سردار عثمان بزدار نے کہا کہ فیصل آباد میں پولیس کی نفری کی کمی کو پورا کیا جائے گا، فیصل آباد ڈویژن میں واٹر فلٹریشن پلانٹس لگائے جائیں گے، آب پاک اتھارٹی کے لیے8 ارب روپے مختص کیے ہیں۔