فیصل آباد(رپورٹ: قمرالزماں) ڈکیتی میں حصہ نہ ملنے پر ڈاکو شکایت لے کر تھانے پہنچ گیا اور انصاف کا مطالبہ کردیا، پولیس نے مدعی ڈاکو کو ڈکیتی کے الزام میںحراست میں لے کر بقیہ ساتھیوں کی تلاش شروع کردی۔
اے آر وائی نیوز فیصل آباد کے بیورو چیف قمر الزماں کے مطابق فیصل آباد میں ڈکیتی کرنے والا ایک ڈاکو وحید ڈجکوٹ تھانے پہنچ گیا جہاں اسے نے بیان قلم بند کرایا کہ اس نے تین ساتھیوں کے ہمراہ مل کر تین جولائی کورہزنی کی واردات کی جس میں ایک موٹر سائیکل، موبائل فون اور دس ہزار روپے لوٹے جس میں سے اسے کوئی حصہ نہیں دیا گیا، حصہ طلب کرنے پر ساتھی ڈاکو شہباز نے اس پر فائرنگ کردی اور وہ بال بال بچا، پولیس مقدمہ درج کرکے اسے انصاف فراہم کرے۔
اطلاعات کے مطابق پولیس نے ڈاکو کی مدعیت میں شہباز اور اس کے تین ساتھیوں کے خلاف مقدمہ درج کرکے مدعی وحید کو نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ہے جب کہ ڈکیتی میں ملوث دیگر افراد کی گرفتاری کے لیے کارروائی جاری ہے۔