لکڑی سے بنی چھت گرنے سے میاں بیوی جاں بحق، 3 بچے معجزانہ طور پر محفوظ رہے

لکڑی سے بنی چھت گرنے سے میاں بیوی جاں بحق، 3 بچے معجزانہ طور پر محفوظ رہے

(16 جولائی 2025): فیصل آباد میں لکڑی اور سرکنڈوں سے بنی چھت گرنے سے میاں بیوی جاں بحق ہوگئے جبکہ بچے محفوظ رہے۔

تفصیلات کے مطابق فیصل آباد میں ستیانہ روڈ پر بارش کے باعث لکڑی اور سرکنڈوں سے بنی چھت گر گئی، ملبے کے نیچے دب کر میاں بیوی جاں بحق جبکہ تین بچے معجزانہ طور پر محفوظ رہے۔

ہریانہ جھامرہ کا رہائشی پچاس سالہ شہامند اور اس کی چالیس سالہ بیوی ریاض بی بی رچنا ٹاؤن کے قریب حویلی میں قائم بھینسوں کے باڑے میں لکڑی اور سرکنڈوں کی چھت والے کمرہ میں اپنے تین بچوں کے ساتھ رہتے تھے۔

بدھ کو علی الصبح اہلخانہ سو رہے تھے کہ بارش کی وجہ سے خستہ حال چھت ان پر گر گئی، ملبے کے نیچے دب کر میاں بیوی موقع پر جاں بحق ہو گئے جبکہ ان کے تینوں بچے محفوظ رہے، ریسکیو ٹیم نے دونوں لاشیں ملبے سے نکال ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کر دیں۔


لاہور میں مون سون کا تیسرا اسپیل رات 9 بجکر 10 منٹ پر شروع، علاقے زیر آب


واضح رہے کہ لاہور میں مون سون کا تیسرا اسپیل رات 9 بجکر 10 منٹ پر شروع ہو گیا ہے، تیسرا سپیل وقفے وقفے سے شدید بارش کا باعث بن رہا ہے، شدید بارش کے باعث متعدد علاقے زیر آب آ گئے ہیں، اور اہم شاہراہیں ڈوب گئی ہیں۔

موسلا دھار بارش کے باعث متعدد افسوس ناک واقعات بھی پیش آئے ہیں، شہر میں بوسیدہ چھتیں گرنے اور کرنٹ لگنے سے 10 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں، ہربنس پورہ میں کرنٹ لگنے سے 2 بچے جا ں بحق ہوئے۔ محکمہ موسمیات اور پی ڈی ایم اے کی جانب سے آئندہ 24 گھنٹے میں شدید بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے، اور شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔