اسلام آباد: سابق صدر آصف علی زرداری اور فریال تالپور سمیت 30 ملزمان کے خلاف جعلی بینک اکاؤنٹس ریفرنس پر سماعت آج ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق عدالت نے سابق صدر آصف علی زرداری اور فریال تالپور سمیت 30 ملزمان کو طلب کر رکھا ہے، گذشتہ سماعت پر نیب کی جانب سے ملزمان کو ریفرنس کی کاپیاں فراہم نہیں کی جا سکی تھیں۔
عدالت نے نیب کو ملزمان کو ریفرنس کی کاپیاں فراہم کرنے کا حکم دے رکھا ہے، سابق صدر آصف علی زرداری اور فریال تالپور کی پیشی کے موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے جائیں گے۔
جوڈیشل کمپلیکس میں پولیس کی اضافی نفری تعینات کی جائے گی، کسی بھی غیر متعلقہ شخص کو جوڈیشل کمپلیکس تک رسائی نہیں دی جائے گی۔
دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری جعلی اکاؤنٹس کیس کے سلسلے میں نیب میں گذشتہ روز پیش ہوئے، نیب ہیڈ کوارٹر اسلام آباد میں ان سے پوچھ گچھ کی گئی۔
ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو زرداری کو نیب کی جانب سے سوالنامہ دیا گیا تھا، جس میں ان سے 32 سوالات پوچھے گئے تھے، بلاول کو 12 جون تک ان سوالوں کے جوابات دینے ہیں۔
آصف زرداری نے جعلی اکاؤنٹس کیس منتقلی کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا
یاد رہے کہ دو روز قبل سابق صدر آصف زرداری نے جعلی اکاؤنٹس کیس منتقلی کا فیصلہ چیلنج کردیا تھا، جس میں کہا گیا آصف زرداری پی پی پی پی کے صدر و بے نظیر کے خاوند ہیں، انھیں سیاسی انتقام کانشانہ بنایاجاتارہاہے، جعلی اکاونٹس کیس کی جےآئی ٹی سےتحقیقات کرائیں۔