17 لاکھ کی ڈکیتی، ون فائیو پر جھوٹی کال کرنے والا بری طرح پھنس گیا

کراچی: شہر قائد کے علاقے ملیر میں مددگار ون فائیو پر کال کر کے اپنے گھر میں لاکھوں روپے کی ڈکیتی کی جھوٹی واردات کی اطلاع دینے والے شخص کو پولیس نے گرفتار کر لیا۔

تفصیلات کے مطابق تھانہ ملیر سٹی پولیس نے 24 گھنٹوں کے اندر گھر میں ہونے والی ڈکیتی کی گتھی سلجھا لی، ضلع ملیر پولیس نے 15 پر ڈکیتی کی جھوٹی اطلاع دینے والے کے خلاف ایکشن لیتے ہوئے رضا عباس عرف سکندر کو گرفتار کر لیا۔

پولیس حکام کے مطابق رضا عباس نے 15 مددگار پر کال کر کے گھر میں 17 لاکھ روپے کی ڈکیتی کی جھوٹی اطلاع دی تھی۔

گرفتار ملزم نے دوران تفتیش 15 مددگار پر ڈکیتی کی جھوٹی اطلاع دینے کا اعتراف کیا، پولیس نے اس کے قبضے سے 12 لاکھ روپے کی رقم برآمد کر لی، رضا عباس نے انکشاف کیا کہ بقیہ 5 لاکھ روپے کی رقم سے اس نے اپنا قرضہ اتارا۔

گرفتار ملزم کا مزید کرمنل ریکارڈ حاصل کیا جا رہا ہے، ایس ایچ او تھانہ ملیر سٹی کے مطابق گرفتار ملزم کے خلاف پولیس کو جھوٹی رپورٹ/دھوکا دہی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا، جب کہ مزید تفتیش جاری ہے۔