کراچی: جعلی کورونا رپورٹس پر پاکستان سفر کرنے کے واقعات کا سول ایوی ایشن اتھارٹی نے نوٹس لے لیا۔
پاکستان میں کام کرنے والی تمام ایئر لائنز کیلئے نئی ہدایات جاری کر دی گئیں۔ سول ایو ی ایشن کا کہنا ہے کہ کچھ مسافروں نے جعلی پی سی آر منفی ٹیسٹ رپورٹ پر پاکستان کا سفر کیا ایسے مسافروں نے ساتھ سفر کرنے والوں کو بھی خطرے میں ڈالا۔
سی اے اے کے مطابق ان واقعات سے کورونا پر قابو پانے کی قومی سطح پر کی جانے والی کوششوں کو بھی نقصان پہنچا، پاکستان آنے والے مسافرتصدیق شدہ لیبارٹریز سے ہی کورونا ٹیسٹ کرائیں۔
سول ایوی ایشن کا کہنا ہے کہ درست کیوآرکوڈ کے بغیر کسی مسافر کی منفی رپورٹ قبول نہیں کی جائے گی اور رپورٹ کی کاپی قابل قبول نہیں ہوگی، ایسے مسافر جو پاس ٹریک ایپ میں رجسٹرڈ نہ ہوں وہ پاکستان سفر کے اہل نہیں۔
سی اےاے نے کہا ہے کہ تمام ایئرلائینز ہدایات پر سختی سے عملدرآمد کروائیں، سول ایوی ایشن کے ساتھ ایئرلائن آپریٹرز،اسٹیک ہولڈرز کی بھی ذمہ داری ہے۔