عمرے پر جانے والے مسافروں سے جعلی دستاویزات برآمد

عمرے کے لیے سعودی عرب جانے والے مسافروں سے جعلی دستایزات برآمد ہوئی ہیں جس کے بعد انہیں آف لوڈ کر کے گرفتار کر لیا ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق ایف آئی اے امیگریشن نے ملتان ایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے سعودی عرب جانے والی ایک پرواز سے دو مسافروں کو آف لوڈ کرا کے گرفتار کر لیا ہے۔

ایف آئی اے کے مطابق مذکورہ مسافر عمرے پر جا رہے تھے اور ان کے پاس سے جنوبی افریقہ کے جعلی ویزے برآمد ہوئے ہیں۔

گرفتار ملزمان عدیل ارشد کا تعلق شیخوپورہ اور عمیر علی گوجرانوالہ کا رہائشی ہے اور دونوں کو اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل ملتان منتقل کر دیا گیا ہے۔

ایف آئی اے نے بتایا کہ ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزمان نے ویزے اور ٹکٹس ایجنٹ سے حاصل کیے تھے اور انہوں نے سعودی عرب جانے کے بعد وہاں سے جنوبی افریقہ جانے کی کوشش کرنا تھی۔