30 لاکھ کی رقم بٹورنے کیلیے ’’15 مددگار‘‘ پر ڈکیتی کی جھوٹی کال

لاہور میں 30 لاکھ کی ڈکیتی کا واقعہ ڈراما نکلا مددگار 15 پر کال کرنے والا ہی اس سارے ڈرامے کے ماسٹر مائنڈ کو گرفتار کر لیا گیا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق لاہور میں گزشتہ رات مددگار 15 پر کال کر کے 30 لاکھ روپے کی ڈکیتی واردات کی اطلاع دی گئی تاہم جب تفتیش کی گئی تو یہ واقعہ ڈکیتی کے بجائے ڈراما نکلا۔

اس حوالے سے ایس پی کینٹ نے بتایا کہ مددگار 15 پر کال کرنے والا عثمان نامی شخص ہی اس سارے ڈرامے کا ماسٹر مائنڈ نکلا جس نے رقم خورد برد کرنے کے لیے یہ ڈراما رچایا۔ ملزم کو گرفتار کر کے رقم برآمد کر لی گئی ہے۔

پولیس کے مطابق ملزم نے دولو خورد میں اپنی دکان فروخت کی تھی جس کی ساری رقم اس کے پاس ہی تھی اور وہ اس میں ہیر پھیر کرنا چاہتا تھا۔

ایس پی کینٹ اویس شفیق کا کہنا تھا ملزم عثمان نے تحقیقات میں اپنا جرم تسلیم کر لیا ہے اور اس پر مقدمہ درج کر کے قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔

واضح رہے کہ چند روز قبل بھی اسی نوعیت کا ایک واقعہ لاہور میں پیش آیا تھا جہاں دو کروڑ روپے ہڑپنے کے لیے ملزمان نے ڈکیتی کی جھوٹی اطلاع 15 مددگار کو دی تھی۔

https://urdu.arynews.tv/serious-lies-told-by-15-helpers-were-exposed-4-accused-were-arrested/