بابر اور رضوان کی اوپننگ جوڑی سے متعلق فخر زمان نے کیا کہا؟

فخر زمان

قومی ٹیم کے اوپنر بیٹر فخر زمان کا کہنا ہے کہ بابر اور رضوان ٹی 20 فارمیٹ میں اوپننگ کے لیے بہترین چوائس ہیں۔

راولپنڈی میں کھیلے گئے پہلے ون ڈے میں نیوزی لینڈ کے خلاف شاندار سنچری اسکور کرنے والے اوپنر بیٹر فخر زمان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگر میں ٹی 20 میں پرفارم کرتا تو بات الگ تھی لیکن ابھی بابر اور رضوان کو کھیلنے دیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ امام الحق کے ساتھ کھیلتے ہوئے بہت انجوائے کرتا ہوں، ون ڈے میں بیس سے تیس اوور ہنڈرڈ رنز کی پارٹنر شپ ہوجائے تو مزہ آجائے۔

فخر زمان نے کہا کہ میں پاکستان کے لیے کسی بھی بیٹنگ پوزیشن پر کھیلنے کے لیے تیار ہوتا ہوں۔ جب سےکرکٹ شروع کی بطور اوپنر کھیلتا آرہا ہوں، میری پسندیدہ پوزیشن اوپننگ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ محمد رضوان اور بابر اعظم ٹی ٹوئنٹی میں پرفارمنس دے کر پاکستان کو میچز جیتوا رہے ہیں، جبکہ صائم ایوب نے فٹنس اور پرفارمنس کا خیال رکھا تو لمبا کھیلیں گے۔

فخر نے کہا کہ میں نوجوان کھلاڑیوں کے ساتھ اپنا تجربہ شیئر کرتا ہوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ورلڈ کپ تک کم میچز ہونے سے ٹیم کی تیاریوں پر کوئی فرق نہیں پڑے گا۔