کراچی : معروف کامیڈین ولی شیخ کو ڈاکوؤں نے لوٹ لیا

ولی شیخ

کراچی : شہر قائد میں اسٹریٹ کرائم نے ایک بار پھر سر اٹھانا شروع کردیا ہے جہاں ڈکیتی کی واردات میں معروف کامیڈین ولی شیخ کو لوٹ لیا گیا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق مسلح افراد نے ملک کے معروف کامیڈین کو بھی نہ بخشا اور ان سے نقد رقم اور موبائل فون چھین کر فرار ہوگئے۔

کامیڈین ولی شیخ نے پولیس کو بتایا کہ ان کے ساتھ ڈکیتی کی واردات ناردرن بائی پاس پر ہوئی، ملزمان نے 85ہزار روپے اور موبائل فون چھین لیا گیا، واقعے کا مقدمہ فنکار کی مدعیت میں درج کرلیا گیا۔

پولیس کے مطابق واقعے کا مقدمہ گلشن معمار تھانے میں درج کیا گیا ہے، واقعہ آج شام میں پیش آیا تھا جس کی بروقت ایف آئی آر درج کی گئی، جائے وقوعہ کے قریب پولیس پیٹرولنگ کرتی ہے، مزید تفتیش جاری ہے۔

واضح رہے کہ کامیڈین ولی شیخ کا شمار پاکستان کے نامور کامیڈینز میں ہوتا ہے جب کہ وہ بھارت سمیت کئی ممالک میں کامیڈی شوز بھی کرچکے ہیں۔