مشہور کرکٹر نے فرنچائز کے لیے بھارتی ٹیم کی کوچنگ آفر ٹھکرادی

سابق بھارتی فاسٹ بولر نے فرنچائز کو ترجیح دیتے ہوئے بھارتی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹیم کی کوچنگ کی پیشکش کو ٹھکرادیا۔

بی سی سی آئی نے ہیڈ کوچ راہول ڈریوڈ اور ان کے اسٹاف کے معاہدے میں گزشتہ دنوں توسیع کردی تھی۔ تاہم سابق بھارتی کرکٹر اشیش نہرا نے قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کی کوچنگ کی پیشکش پر انکار کردیا ہے۔

بھارتی بورڈ چاہتا تھا کہ آئی پی ایل ٹیم گجرات ٹائیٹنز کی کوچنگ کرنے والے نہرا قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کی کوچنگ کریں، جس کے لیے بورڈ نے ان سے رابطہ کیا تھا۔

بھارتی ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ سابق کرکٹر اشش نہرا آئی پی ایل کی فرنچائز گجرات ٹائٹنز کے کوچ ہیں اور وہ اپنی فرنچائز ٹیم کے ساتھ رہنا چاہتے ہیں۔ اس لیے انھوں نے بورڈ نے پیشکش کو مسترد کردیا۔

میڈیا میں آنے والی خبروں کے مطابق اشش نہرا آئی پی ایل فرنچائز سے اپنی کمٹمنٹ نبھانا چاہتے ہیں۔

یہ بات قابل ذکر ہے کہ اشش نہرا نے کبھی بھارتی ٹیم کا ہیڈ کوچ بننے کے لیے دلچسپی کا اظہار نہیں کیا۔ ان کا گجرات ٹائٹنز کے ساتھ 2025 تک معاہد ہے اور وہ اسے برقرار رکھنا چاہتے ہیں۔