نانا پاٹیکر کا تھپڑ کھانے والے لڑکے نے خاموشی توڑ دی

نانا پاٹیکر کا تھپڑ کھانے والے لڑکے نے خاموشی توڑ دی

ممبئی: فلم کی شوٹنگ کے دوران بالی وڈ کے معروف اداکار نانا پاٹیکر کا تھپڑ کھانے والے لڑکے نے وائرل ویڈیو پر خاموشی توڑ دی۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق نانا پاٹیکر کا تھپڑ کھانے والے لڑکے نے اپنے بیان میں کہا کہ میں گھر میں موجود تھا تو دیکھا باہر کسی فلم کی شوٹنگ چل رہی ہے۔

لڑکے نے بتایا کہ میں شوٹنگ دیکھنے گیا جہاں میری نظر نانا پاٹیکر پر پڑی، میں موقع دیکھ کر سیلفی لینے کیلیے ان کے پاس گیا لیکن انہوں نے مجھے مار کر وہاں سے بھگا دیا۔ اس نے تردید کی کہ اداکار کا مجھے تھپڑ مارنا فلم کی شوٹنگ کا حصہ نہیں تھا۔

چند روز سے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو گردش کر رہی ہے جس میں بالی وڈ اسٹار سیلفی لینے کی کوشش کرنے والے مداح کو تھپڑ جڑتے دکھائی دیے۔ اداکار کے رویے پر جب لوگوں نے بہت زیادہ تنقید کی تو انہوں نے ایک ویڈیو بیان جاری کیا۔

ویڈیو میں نانا پاٹیکر نے بتایا کہ میں نے کسی مداح کو تھپڑ نہیں مارا بلکہ وہ فلم کا ایک سین تھا۔ فلم کے ہدایت کار نے بھی ایسا ہی بیان دیا تھا۔

لیکن اب متاثرہ لڑکے کے بیان نے معاملے کی حقیقت بیان کر دی اور ایک بار پھر بالی وڈ اسٹار کو تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

نانا پاٹیکر انیل شرما کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ’جرنی‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں جس میں اتکرش شرما بھی نظر آئیں گے۔