پاکستان کو ٹیسٹ جیتنے پر ملنے والی انعامی رقم معمہ بن گئی

گال ٹیسٹ

قومی ٹیم کو گال ٹیسٹ جیتنے پر ملنے والی انعامی رقم معمہ بن گئی۔

گال ٹیسٹ میں پاکستان نے سری لنکا کو 4 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کرلی، میچ کے بعد قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کو ملنے والے چیک پر ہندسوں کی گڑ بڑ ہوگئی۔

قومی ٹیم کو ملنے والے چیک پر ہندسوں میں پانچ ہزار ڈالر لکھا تھا لیکن الفاظ میں لکھا تھا کہ دو ہزار ڈالر۔

بعدازاں اسپانسر کو غلطی کا احساس ہوا پر اس وقت تک تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوچکی تھی۔

اسپانسر کی جانب سے واضح کیا گیا کہ پاکستان ٹیم کو الفاظ والے دو ہزار نہیں بلکہ ہندسوں والے پانچ ہزار ڈالر ہی ملیں گے۔

واضح رہے کہ دو میچز پر مشتمل ٹیسٹ سیریز کا دوسرا میچ 24 جولائی سے کولمبو میں شروع ہوگا۔

گال میں کھیلا گیا یہ ٹیسٹ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ25 ۔2023 میں پاکستانی ٹیم کا پہلا ٹیسٹ ہے۔