فردین خان اور نتاشا کی علیحدگی کے فیصلے کی وجہ سامنے آگئی

فردین خان

بالی ووڈ اداکار فردین خان اور نتاشا مادھوانی کی شادی کے 18 سال بعد علیحدگی کے فیصلے کی وجہ سامنے آْگئی۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق فردین خان اور نتاشا گزشتہ ایک سال سے علیحدہ رہ رہے تھے اور اب دونوں نے باقاعدہ علیحدگی کا فیصلہ باہمی رضامندی سے کیا ہے۔

فردین خان نے ابھی تک خود اہلیہ سے علیحدگی کے بارے میں بھارتی میڈیا پر گردش کرتی خبروں کی تصدیق یا تردید نہیں کی ہے۔

تاہم، اس حوالے سے اداکار کے ایک دوست نےانکشاف کیا کہ فردین خان اور ان کی اہلیہ فی الحال باقاعدہ علیحدگی کے بارے میں غیر یقینی صورتحال میں ہیں کہ آیا وہ باہمی رضامندی سے علیحدگی کے معاملے پر عدالت میں کیس دائر کرنے کے لیے تیار ہیں یا دونوں خاندانوں میں سے کوئی ایک مزاحمت کرے گا۔

فردین خان کے دوست کے مطابق، اپریل 2009 میں فردین خان کے والد، اداکار فیروز خان کے انتقال کے فوراً بعد ہی ان کا اپنی اہلیہ نتاشا کے ساتھ تنازع شروع ہوگیا تھا۔

فردین خان ان دنوں اپنی والدہ کے ساتھ ممبئی میں رہائش پذیر ہیں اور نتاشا بچوں کے ساتھ لندن میں مقیم ہیں۔

واضح رہے کہ فردین اور نتاشا 2005 میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے، 2013 میں جوڑے کے ہاں پہلی بیٹی جبکہ 2017 میں دوسرے بچے (بیٹے) کی پیدائش ہوئی تھی۔