فردین خان اور نتاشا کا 18 سال بعد علیحدگی کا فیصلہ

فردین خان

بالی ووڈ کی مقبول جوڑی فردین خان اور اہلیہ نتاشا مادھونی نے شادی کے 18 سال بعد علیحدگی کا فیصلہ کرلیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکار فردین خان اور نتاشا مادھونی نے شادی کے 18 سال بعد ایک دوسرے سے علیحدگی کا فیصلہ باہمی رضامندی سے کیا ہے اور دونوں ایک سال سے علیحدہ رہ رہے تھے۔

فردین خان ان دنوں اپنی والدہ کے ساتھ ممبئی میں رہائش پذیر ہیں اور نتاشا بچوں کے ساتھ لندن میں مقیم ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق فردین اور نتاشا کی جانب سے اب تک طلاق کے حوالے سے کوئی تصدیق یا تردید نہیں کی گئی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق فردین اور ان کی اہلیہ نے ازدواجی تعلقات میں مسائل کی بنا پر علیحدہ رہنا شروع کیا تھا تاہم مسائل کے حل میں ناکامی کے باعث اب دونوں نے علیحدہ ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔

واضح رہے کہ فردین اور نتاشا 2005 میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے، 2013 میں جوڑے کے ہاں پہلی بیٹی جبکہ 2017 میں دوسرے بچے (بیٹے) کی پیدائش ہوئی تھی۔