لاہور: ماڈل ہاؤسنگ سوسائٹی کیس میں قومی احتساب بیورو (نیب) کو مطلوب ملزم فرحان چیمہ کو پاکستان آتے ہی ایئر پورٹ سے گرفتار کر لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق فرحان چیمہ ماڈل ہاؤسنگ سوسائٹی فراڈ کیس میں نیب کو مطلوب تھا، فرحان چیمہ کو بیرون ملک سے واپسی پر ایف آئی اے نے گرفتار کیا۔
[bs-quote quote=”فرحان چیمہ نیب سے پلی بارگین کے بعد باہر چلا گیا تھا۔” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″][/bs-quote]
ذرائع کا کہنا ہے کہ فرحان چیمہ نیب سے پلی بارگین کے بعد باہر چلا گیا تھا، ان کا نام ای سی ایل میں بھی شامل تھا، فرحان چیمہ کو ایف آئی اے نے نیب کے حوالے کر دیا۔
ماڈل ہاؤسنگ انکلیو کے نام پر عوام سے اربوں روپے کے فراڈ کا انکشاف اکتوبر 2017 میں ہوا تھا، جس کے بعد نیب نے ماڈل ہاؤسنگ کے سی ای او اور دیگر ڈائریکٹرز کو گرفتار کر لیا تھا۔
ملزمان نے اسکیم کے نام پر لاہور کے شہریوں سے پراپرٹی دینے کی مد میں اربوں روپے وصول کیے تھے، نیب لاہور نے چیف ایگزیکٹو آفیسر فرحان چیمہ کو حراست میں لے لیا تھا۔
نیب نے بتایا تھا کہ ملزمان کو غیر قانونی فائلیں فروخت کرتے ہوئے گرفتار کیا گیا تھا، مذکورہ ماڈل ہاؤسنگ انکلیو کا لے آؤٹ ایل ڈی اے سے منظورہ شدہ نہیں تھا۔
یہ بھی ملاحظہ کریں: لاہور: رہائشی اسکیم کے نام پر اربوں روپے کا فراڈ، ملزمان گرفتار
ملزمان نے چند کینال کی جعلی فائلیں بیچ کر اربوں روپے کمائے اور رعایتی واؤچر کے نام پر سیکڑوں لوگوں کو دھوکا دیا، نیب کو خدشہ تھا کہ ملزمان بیرون ملک فرار ہو سکتے ہیں، اس لیے انھیں حراست میں لیا گیا، تاہم بعد میں فرحان چیمہ کو وائٹ کالر کرائم سے متعلق نیب کے قانون پلی بارگین کے تحت چھوڑ دیا گیا تھا۔