جل بینڈ کیوں‌ ٹوٹا؟‌ فرحان سعید نے خود وجہ بتادی

کراچی: نامور پاکستانی گلوکار و اداکار فرحان سعید نے جل بینڈ ٹوٹنے کی وجہ بتا دی، اس کے ساتھ انہوں نے کہا  کہ عمران خان کو ووٹ دینے پر  مجھے فخر ہے، اگر  انتخاب کا فیصلہ غلط ہوا تو پانچ سال بعد خود معافی مانگوں گا۔

اے آر وائی نیوز کے پروگرام ہر لمحہ پرجوش میں ’معصومانہ کھیل‘ کے سیگمینٹ ’باؤنسر راؤنڈ‘ میں میزبان وسیم بادامی کے سوال کا جواب دیتے ہوئے فرحان سعید کا کہنا تھا کہ ’مجھے امید ہے کہ پانچ سال بعد بھی ہم عمران خان کا ہی انتخاب کریں گے کیونکہ اس وقت کسی کی بھی حکومت ہوتی تو مہنگائی کنٹرول نہیں ہوسکتی تھی‘۔

فرحان سعید کا کہنا تھا کہ ’ہمیں بطور قوم حالات ٹھیک کرنے کے لیے کڑوے گھونٹ پینے پڑیں گے کیونکہ اس وقت آدھے سے زیادہ پیسے ہمیں سود کی مد میں ادا کرنا پڑ رہے ہیں‘۔

گلوکار و اداکار کا کہنا تھا کہ ’میں سمجھتا ہوں کہ ہمیں عمران خان کو پانچ سال کا وقت دینا چاہیے کیونکہ سب ٹھیک ہوجائے گا اور اگر میں پانچ سال بعد غلط ثابت ہوا تو  ہوا  تو سب سے معافی مانگوں گا‘۔

ایک سوال کے جواب میں اُن کا کہنا تھا کہ سابق صدر آصف زرداری ماضی اور نوازشریف تاریخ بن چکے ہیں اور بلاول یا مریم بھی بہتر نہیں ہیں، میں بادشاہی نظام کے خلاف ہوں  ہمیں بادشاہت کے چکر سے باہر نکلنا ہوگا اور بلاول یا مریم کے علاوہ کسی اور کا انتخاب کرنا ہوگا، پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ ن میں باصلاحیت لوگ ہیں مگر انہیں آگے آنے نہیں دیا جاتا۔

پی ایس ایل فائیو کے گانے پر گفتگو کرتے ہوئے فرحان سعید کا کہنا تھا کہ ’آج میں اسٹیڈیم میں موجود تھا تو وہاں لوگ محظوظ ہورہے تھے، ہاں یہ حقیقت ہے کہ ترانہ عوامی نہیں تھا‘۔ اُن کا کہنا تھا کہ ’علی ظفر کا ترانہ بنانے کا اقدام بہت اچھا ہے، آج اُن کے ترانے کی دھن سُنی ، وہ نہ صرف اچھی بلکہ عوامی بھی ہے‘۔

جل بینڈ کیوں ٹوٹا؟

ایک اور سوال کا جواب دیتے ہوئے فرحان سعید کا کہنا تھا کہ ’جل بینڈ کے ساتھ میں نے دس سال کام کیا، یہ بہت لمبا عرصہ ہوتا ہے، جب آپ بینڈ کے ساتھ کام کررہے ہوں تو کوئی منفرد کام نہیں کرسکتے، میں نے کچھ منفرد کام کرنے کا فیصلہ کیا تو بینڈ چھوڑ دیا اور پھر اداکاری بھی کی‘۔