علی رضا عابدی قتل کیس، فاروق ستار کو پولیس کی تحقیقاتی ٹیم نے طلب کرلیا

کراچی: متحدہ قومی موومنٹ کے سابق رہنما اور سابق رکن اسمبلی علی رضا عابدی قتل کیس سے متعلق تفتیش کے لیے فاروق ستار کو پولیس کی تحقیقاتی ٹیم نے طلب کرلیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے میں ڈیفنس میں قتل ہونے والے متحدہ قومی موومنٹ کے سابق رہنما علی رضا عابدی قتل کیس سے متعلق تفتیش کے لیے پولیس کی تحقیقاتی ٹیم نے فاروق ستار کو طلب کرلیا ہے۔

ایم کیو ایم کے رہنما فاروق ستار اپنا بیان ریکارڈ کرانے ساؤتھ زون انویسٹی گیششن دفتر پہنچے، ذرائع کے مطابق فاروق ستار سے علی رضا عابدی سے متعلق انٹرویو کیا گیا۔

پولیس کی جے آئی ٹیم میں ایس ایس پی ساؤتھ پیر محمد شاہ، رزاق دھاریجو اور دیگر افسران موجود تھے۔

یہ پڑھیں: علی رضا عابدی کے قتل میں ملوث چاراہم ملزمان گرفتار

ایس ایس پی پیر محمد شاہ کا کہنا ہے کہ فاروق ستار کو علی رضا عابدی قتل کیس میں تحقیقات کے لیے بلایا تھا، ان سے آدھے گھنٹے تک پوچھ گچھ کی گئی۔

ایس ایس پی کے مطابق علی رضا عابدی قتل کیس میں کل اہم رہنماؤں کو بھی طلب کیا گیا تھا، کیس میں مزید لوگوں کو طلب کرسکتے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ فاروق ستار پولیس تحقیقاتی ٹیم کو بیان دینے کے بعد واپس روانہ ہوگئے ہیں۔

مزید پڑھیں: علی رضا عابدی کے قتل اوردیگرواقعات پر ڈی آئی جی ساؤتھ عہدے سے برطرف

واضح رہے کہ 25دسمبر کی شام کوکراچی کے علاقے ڈیفنس میں اپنی رہائش گا ہ کے پاس متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سابق رہنما علی رضا عابدی نامعلوم موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے زخمی ہو گئے تھے انہیں تشویش ناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا تھا لیکن وہ جاں بر نہ ہو سکے۔

اس حوالے سے آئی جی سندھ کلیم امام نے وارداتوں میں قابو نہ پانے اور فرائض میں غفلت برتنے پر ڈی آئی جی ساؤتھ جاوید عالم اوڈھو کو عہدے سے ہٹا دیا تھا، آئی جی سندھ نے یہ ذمہ داریاں شرجیل کھرل کو سونپ دینے کے احکامات جاری کیے تھے۔