ان فٹ قومی فاسٹ بولر خرم شہزاد آج وطن واپس روانہ ہوں گے

دورہ آسٹریلیا میں ڈیبیو میچ کھیلنے کے بعد ہی ان فٹ ہو جانے والے قومی فاسٹ بولر خرم شہزاد آج میلبرن سے وطن واپس روانہ ہوں گے۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے نوجوان فاسٹ بولر خرم شہزاد جنہوں نے پرتھ ٹیسٹ میں اپنا ڈیبیو کیا تھا تاہم وہ پہلا ٹیسٹ کھیلنے کے بعد ہی پسلی میں فریکچر ہونے کے باعث ٹیسٹ سیریز سے ہی باہر ہوگئے۔

اطلاعات کے مطابق خرم شہزاد آج میلبرن سے وطن واپسی کے لیے اڑان بھریں گے۔ پی سی بی نے آسٹریلیا میں ڈاکٹرز کے مشورے سے ان کے لیے ری ہیب پلان ترتیب دے دیا ہے جس پر وہ وطن واپسی کے بعد عملدرآمد شروع کریں گے۔

واضح رہے کہ دورہ آسٹریلیا میں پاکستان کرکٹ ٹیم جو پہلے ہی تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں ایک صفر کے خسارے سے دوچار ہے۔ پے در پے کھلاڑیوں کی انجریز نے ٹیم کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے۔

پہلے ٹیسٹ سیریز کے آغاز سے قبل اسپنر ابرار احمد ان فٹ ہو گئے تھے۔ اس کے بعد خرم شہزاد ٹیسٹ سیریز سے باہر ہوگئے اور اب نعمان علی اپنڈکس آپریشن کے بعد ٹیم سے باہر ہوگئے۔