بھارت کی ریاست تلنگانہ کے ضلع میدک میں دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا جہاں سفاک باپ نے 9 سالہ بیٹی کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ملزم کی شناخت سوندریا کے نام سے ہوئی جس نے اپنی بیٹی کو کولڈرنگ میں زہر ملا کر پلایا جس سے معصوم کی طبیعت بگڑ گئی۔
مقتولہ کو علاج کیلیے حیدرآباد کے نیلوفر اسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہو سکی۔ بچی کی والدہ نے پولیس میں شکایت درج کروائی جس کے بعد واقعہ منظر عام پر آیا۔
دراصل سوندریا کام نہ ملنے کی وجہ سے مالی تنگ دستی کا شکار رہا اور اسے بچوں کی کفالت میں بھی مشکل درپیش رہی۔ اسی سلسلے میں ملزم کو بیٹی کی مستقبل میں شادی کے اخرات اور جہیز کی فکر تھی۔
سفاک شخص نے شادی کے اخرات کا بندوبست کرنے کے بجائے معصوم کو قتل کرنے کا منصوبہ بنایا تاکہ وہ مستقبل میں اس ذمہ داری سے آزاد رہے۔
پولیس کے مطابق ملزم نے 31 مئی کو بیٹی کو قتل کیا جبکہ مقتولہ کی والدہ کی شکایت پر واقعے کا علم ہوا۔ پولیس نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا۔