‘گھریلو ملازمہ رضوانہ کی حالت ٹھیک نہیں ، ڈاکٹرز نے دعا کیلئے کہہ دیا’

گھریلو ملازمہ رضوانہ

لاہور : تشدد کا شکار کمسن گھریلو ملازمہ کے والد کا کہنا ہے کہ بیٹی کی حالت ٹھیک نہیں ہے ، ڈاکٹرز نے دعا کرنے کا کہہ دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق تشدد کا شکار کمسن گھریلو ملازمہ رضوانہ کے والد نے اے آر وائی نیوزسے گفتگو کرتے ہوئے عدالت اور اعلیٰ حکام سے اپیل کی کہ میری بیٹی کو انصاف فراہم کیا جائے۔

رضوانہ کے والد کا کہنا تھا کہ میری بیٹی کی حالت ٹھیک نہیں ہے ، ڈاکٹرز ایک بار پھر رضوانہ کے لیے دعا کرنے کا کہہ رہے ہیں۔

انھوں نے بتایا کہ بیٹی کا جگر خون نہیں بنا رہا ہے ،شام کو ڈاکٹرز کا اجلاس دوبارہ ہو گا ،ڈاکٹروں کی ٹیم ہم سے تعاون کر رہی ہے۔

خیال رہے سول جج کی اہلیہ کے ہاتھوں تشدد کا شکار گھریلو ملازمہ بچی رضوانہ لاہور کے جنرل اسپتال میں زیر علاج ہے۔

جنرل اسپتال کے پرنسپل ڈاکٹر سردار الفرید نے ملازمہ رضوانہ کی حالت بتاتے ہوئے کہا کہ خون کی شدید کمی کے باعث آج رضوانہ کو بلڈ لگایا ہے تاہم اس کی حالت میں تاحال بہتری نہیں آسکی۔

ڈاکٹر سردار الفرید کا کہنا تھا کہ بچی کو منہ کے ذریعے خوراک دینے کی کوشش کر رہے ہیں، بچی کا آکسیجن لیول پھر خراب ہو رہا ہے آکسیجن لیول ٹھیک کرنے کیلئے آج پھر برونکو اسکوپی کی گئی۔