حماد اظہر اور ندیم افضل چن کے والد رہا ہو گئے

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر حماد اظہر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما ندیم افضل چن کے والد رہا ہو کر گھر پہنچ گئے۔

تفصیلات کے مطابق حماد اظہر نے ٹوئٹ میں اطلاع دی کہ ان کے والد میاں محمد اظہر گھر واپس پہنچ گئے ہیں، انھوں نے لکھا ’’والد کو سی آئی اے پولیس اسٹیشن لے جایا گیا تھا اور وہاں ان کے فون کا جائزہ لیا گیا۔‘‘

چند گھنٹے قبل انھوں نے ایک بیان میں بتایا تھا کہ ان کے والد کو پولیس نامعلوم مقام پر لے گئی ہے، حماد اظہر نے کہا میرے والد میاں محمد اظہر کی عمر 82 سال ہے اور وہ شدید بیمار ہیں، پولیس انھیں اٹھا کر لے گئی ہے۔

دوسری طرف پیپلز پارٹی کے رہنما ندیم افضل چن نے ٹوئٹ میں بتایا کہ ان کے والد کو بھی رہا کر دیا گیا ہے، انھوں نے لکھا ’’تمام دوستوں کا شکر گزار ہوں جنھوں نے مشکل لمحات میں ساتھ دیا، پروردگار پاکستان میں عدل کا بول بالا کرے۔

انھوں نے بھی چند گھنٹے قبل ایک ٹوئٹ میں بتایا تھا کہ ان کے والد کو ان کے گھر سے گرفتار کر لیا گیا ہے، پی پی رہنما نے بتایا تھا کہ میں نجف میں ہوں اور میرے 75 سالہ والد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔