ساہیوال واقعے میں دہشت گردوں نے خواتین کو استعمال کیا: فواد چوہدری

لاہور: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ ساہیوال واقعے میں ہلاک ہونے والے بڑے دہشت گرد تھے، ابتدائی تحقیقات کے مطابق دہشت گردوں نے خواتین کو استعمال کیا۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے ایک تقریب سے خطاب کے دوران ساہیوال میں مبینہ پولیس مقابلے میں خاندان کی ہلاکت کے معاملے پر کہا کہ محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے بڑے دہشت گرد تھے۔

انہوں نے کہا کہ واقعے کی ابتدائی تحقیقات کے مطابق دہشت گردوں نے خواتین کو استعمال کیا۔

فواد چوہدری نے کہا کہ منو بھائی سے ہمارے گھر کا پرانا تعلق تھا، ماضی کی نسبت پاکستان بہتر حالات کی جانب گامزن ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ رواں سال پاکستان بڑی ایکسپورٹ کرے گا، 2019 میں پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) میں بہت سی تبدیلیاں دیکھنے کو ملیں گی، سی پیک میں تحریک انصاف کا منشور نظر آئے گا۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن ہو، پیپلز پارٹی ہو یا تحریک انصاف یہ ملکی وجود کے لیے ضروری ہیں۔ ہمارا جھگڑا 2 بڑے لیڈروں کے لیے این آر او مانگنے پر ہوتا ہے، ن لیگ اور پیپلز پارٹی اپنے لیڈروں کو بچانے کے لیے این آر او مانگتی ہیں۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کو کنٹرول کرنے کے لیے فوجی عدالتیں بنائی گئیں، فوجی عدالتیں نیشنل ایکشن پلان کے تحت بنائی گئی تھیں۔ فوجی عدالتوں کی مدت میں توسیع کے لیے ترمیم کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈیم فنڈ میں ایک سال میں 30 ارب اکٹھا کرنے کا ٹارگٹ ہے، 5 ماہ میں ڈیم فنڈ میں 9 ارب سے زائد جمع ہو چکے ہیں۔

اس سے قبل وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ سی پیک پاکستان کی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے، اسے سپورٹ کرنا چاہیئے، سی پیک کو سپورٹ نہ کرنا اپنے پاؤں پر کلہاڑی مارنے کے مترادف ہے۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ سعودی عرب پاکستان میں بہت بڑی سرمایہ کاری کرنے والا ہے، 18 ویں ترمیم کے تحت وسائل صوبوں کو تفویض کردیے گئے، 18 ویں ترمیم کے بعد وفاق صوبوں کی ذمے داری کیسے اٹھا سکتا ہے۔