’فواد چوہدری کی طرح نہیں‘ شیر افضل مروت کا بڑا اعلان

پی ٹی آئی رہنما شیر افضل مروت نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کیساتھ تھا اور رہوں گا۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ فواد چوہدری کی طرح نہیں کہ کوئی مجھے پارٹی میں رکھےتو رہوں گا ایک بار پارٹی سے نکال دیا تو پھر فواد چوہدری کی طرح دوبارہ نہیں آؤں گا جب بھی پی ٹی آئی تحریک چلائے گی میری ضرورت ضرور ہوگی۔

شیر افضل مروت نے واضح کیا کہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی کیلئے تحریک سے مطمئن نہیں ہوں، رہائی تحریک کیلئےکسی این اوسی اور اجازت کی ضرورت نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ مئی میں بانی پی ٹی آئی سے آخری ملاقات ہوئی  تھی پارٹی میں اختلافات ہیں مگر کوئی دھڑے بندی نہیں جب کہ علی امین گنڈاپور نے بحیثیت وزیراعلیٰ اچھی کارکردگی دکھائی ہے۔

واضح رہے کہ اڈیالہ جیل میں قید پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی کی ہدایت پر شیر افضل مروت کی بنیادی پارٹی رکنیت معطل کی گئی ہے۔

بانی پی ٹی آئی نے پارٹی قیادت کو پارٹی پالیسی کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف ایکشن کا اختیار دیا تھا جس کے بعد پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزیوں پر انکوائری کمیٹی تشکیل دی گئی تھی۔

سیکریٹری جنرل پی ٹی آئی عمر ایوب نے شیر افضل مروت کی رکنیت معطلی سے متعلق نوٹیفکیشن جاری کر دیا جس میں بتایا گیا کہ شیر افضل مروت نے کسی بھی شوکاز نوٹس کا اطمینان بخش جواب نہیں دیا جبکہ ان کے پارٹی رہنماؤں کے خلاف دیے گئے بیانات کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔