چڑیا گھر میں بندر کو پلاسٹک بیگ سے کھیلتے دیکھ کر فواد چوہدری اور زرتاج گل کا رد عمل

اسلام آباد: چڑیا گھر میں بندر کو پلاسٹک بیگ سے کھیلتے دیکھ کر فواد چوہدری اور زرتاج گل کا رد عمل سامنے آ گیا۔

تفصیلات کے مطابق آج صبح وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے پنجاب چڑیا گھر کی ایک ویڈیو دیکھ کر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومتیں تو اتوار اور جمعہ بازاروں میں پلاسٹک بیگز پر پابندی لگائیں۔

قبل ازیں، وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل نے ایک ٹویٹ کرتے ہوئے پنجاب کے چڑیا گھر کی ایک ویڈیو شیئر کی، بندروں کے پنجرے میں ایک بندر بچہ پلاسٹک کی تھیلی میں پھنسا ہوا تھا اور وہ اس سے نکلنے کے لیے جدوجہد کر رہا تھا۔

رزتاج گل نے ٹویٹ میں لکھا کہ انھوں نے پولیتھین بیگز پر پورے پنجاب کے چڑیا گھروں میں پابندی لگانے کے لیے متعلقہ وزارت کو لکھ دیا ہے۔ ویڈیو پر انھوں نے کہا کہ یہ پلاسٹک تھیلیوں کے مسئلے کا ایک اور رخ ہے، جو اس ویڈیو میں نظر آ رہا ہے۔ میں نے پنجاب کے تمام چڑیا گھروں میں پلاسٹک تھیلیوں کی مکمل پابندی کے لیے کہہ دیا ہے۔

انھوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ حکومت کے ساتھ تعاون کریں اور بے زبان جانوروں کا خیال رکھیں۔

وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان نے کلین اینڈ گرین تحریک شروع کر رکھی ہے تاکہ پاکستان کو ماحولیاتی لحاظ سے محفوظ بنایا جا سکے، حال میں ایک بار استعمال ہونے والی پلاسٹک تھیلیوں پر اسلام آباد میں پابندی عائد کی جا چکی ہے، لیکن اس کی اہمیت دیکھتے ہوئے پورے ملک میں اس پر پابندی کی ضرورت ہے۔

زرتاج گل نے کہا کہ انھیں لوگوں نے پنجاب کے چڑیا گھروں میں پلاسٹک کی تھیلیوں کے سلسلے میں کئی ویڈیوز بھیجی ہیں۔