اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ حکومت نے نیشنل ڈیجیٹل پالیسی 2021 کی منظوری دی ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق وفاقی وزیر برائے اطلاعات فواد چوہدری سے کیبل آپریٹرز ایسوسی آف پاکستان کے وفد نے ملاقات کی، فواد چوہدری نے کہا کہ پالیسی کے تحت کیبل آپریٹرز کے لیے سبسکرپشن ماڈل کا آغاز ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ پالیسی سے کیبل آپریٹرز کو نئے چینلز کے لیے سبسکرپشن کی سہولت ملے گی، گھروں میں اینالاگ کیبل ہے جو غیرمعیاری ہے اور چینلز کی تعداد بھی کم ہے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ کیبل کو ڈیجیٹلائز کرنے کے بعد چینلز کی تعداد میں بھی اضافہ ہوگا، سبسکرپشن ماڈل کے بعد کیبل آپریٹرز کو مقامی، بین الاقوامی مواد کی اجازت ہوگی۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ کیبل آپریٹرز کو کامیاب جوان پروگرام کے تحت قرضے فراہم کیے جائیں گے جس سے کیبل آپریٹرز کو ڈیجیٹل باکس خریدنے میں مدد ملے گی۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ کیبل کی ڈیجیٹلائزیشن سے سبسکرپشن ماڈل بھی شروع ہو گا بہت سے انگریزی چینلز سبسکرپشن کی سہولت نہ ہونے کی وجہ سے بند ہو گئے ہیں۔ اس کے نتیجے میں موجودہ ٹی وی چینلز کو نئے چینلز چلانے کے لئے سبسکرپشن کی سہولت بھی ملے گی۔ ڈیجیٹل کیبل میں فور کے سگنل کو بھی یقینی بنایا جائے گا جس کا فائدہ کیبل آپریٹرز کو ہوگا کہ وہ براہ راست مواد خرید سکیں گے۔
وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ کابینہ کی جانب سے غیرملکی پنجابی فلموں کی درآمد کے معاملہ پر مزید غور کے لئے فیصلہ موخر کر دیا گیا۔