اقتدار مٹی میں ریت کے مانند ہے، وقت بدلے گا اور احتساب ہوگا، فواد چوہدری

فواد چوہدری

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ اقتدار مٹی میں ریت کے مانند ہے وقت بدلے گا اور احتساب ہوگا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری نے اسلام آباد میں وکلا کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج وکلا نے عدلیہ اور آئین کے ساتھ یکجہتی کا مظاہرہ کیا وکلا کی آواز سے پتا چلا ہے کہ آئین کے رکھوالے موجود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مجھے تو آج کی سماعت سے پتا چلا کہ الیکشن میں رکاوٹ ووٹوں کی کمی ہے، آئین کا تصور عوام کے ووٹ کے بغیر ممکن نہیں۔

فواد چوہدری نے کہا کہ اسمبلیاں تحلیل کی تو ہمیں لگا تھا یہ عام انتخابات کی طرف جائیں گے لیکن آج وہ لوگ وزرا بن چکے ہیں جن کے گھر والوں کو بھی وزیر بننے پر یقین نہیں ہے۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ پورے جی ٹی روڈ پر ووٹ کو عزت دو کا نعرہ لگانے والے غائب ہیں، مسلم لیگ ن کے رہنما آج عوام میں نکل کر کھانا تک نہیں کھا سکتے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے بنیادی حقوق ختم کردیے گئے آج وکلا کو عدالت جانے سے روک دیا گیا اس حکومت کی ایک پالیسی ہے ظلم کرنا لوگوں کو گھروں سے اٹھانا، آج سے پہلے کبھی کسی کو رات کے اندھیرے میں کالے کوٹ میں نہیں اٹھایا گیا۔

فواد چوہدری نے کہا کہ ہمارا مسئلہ ہے الیکشن کرائے جائیں کیونکہ آئین کہتا ہے، لوگ اپنے نمائندوں کو چُن نہیں سکتے تو عوام اور ریاست کا تعلق ختم ہوجاتا ہے۔