9 مئی کے واقعات نہیں ہونے چاہیے تھے، فواد چوہدری

9 مئی کے واقعات نہیں ہونے چاہیے تھے، فواد چوہدری

سابق وفاقی وزیر اور پاکستان تحریک انصاف کے سینئر نائب صدر فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ 9 مئی کے واقعات انتہائی قابل شرم تھے جو نہیں ہونے چاہیے تھے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے احاطے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ میرا تعلق ضلع جہلم سے ہے جو شہیدوں اور غازیوں کا مسکن ہے، ہر وہ شخص جس کا تعلق پاکستان سے وہ 9 مئی کے واقعات سے رنجیدہ ہے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ شفاف تحقیقات ہونی چاہیے جو بھی 9 مئی میں ملوث تھے انہیں سزائیں ملنی چاہئیں، پاک فوج ہے تو پاکستان ہے اور پاکستان ہے تو ہم سب ہیں، عمران خان نے بھی 9 مئی کے واقعات کی مذمت کی ہے، ہم بھی 9 مئی کے واقعات کی مذمت کر رہے ہیں۔

قبل ازیں اسلام آباد ہائی کورٹ میں فواد چوہدری کی بازیابی کی درخواست پر سماعت ہوئی جس میں عدالت نے تھری ایم پی او کے تحت گرفتاری کالعدم قرار دیتے ہوئے انہیں رہا کرنے کا حکم دیا۔

فواد چوہدری جیسے سے عدالت سے باہر نکلنے پولیس نے انہیں دوبارہ گرفتار کرنے کی کوشش کی۔ فواد چوہدری گاڑی سے نکل کر بھاگے اور کمرہ عدالت میں واپس چلے گئے۔