اسلام آباد : وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا پاکستانیوں اپنے وجود کا احساس نہ دلایا تو ویسے ہی مٹ جاؤگے ، آج کشمیر جل رہا ہے امریکا کیا کہتا ہے، عرب کیا کرتے ہیں یہ چھوڑو۔
تفصیلات کے مطابق وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا پاکستانیوں اپنے وجود کا احساس نہ دلایا تو ویسے ہی مٹ جاؤگے، مسئلہ کشمیرکانہیں مملکت پاکستان کےوجودکاہے، آج کشمیر جل رہا ہے امریکا کیا کہتا ہے، عرب کیا کرتے ہیں یہ چھوڑو۔
پاکستانیوں اپنے وجود کا احساس نہ دلایا تو ویسے ہی مٹ جاؤ گے، مسئلہ کشمیر کا نہیں مملکت پاکستان کے وجود کا ہے، آج کشمیر جل رہا ہے امریکہ کیا کہتا ہے، عرب کیا کرتے ہیں یہ چھوڑو تم کیا کرتے ہو اہم ہے ۔۔۔ مٹ جائیگی مخلوق تو انصاف کرو گے۔۔۔۔ منصف ہو تو حشر اٹھا کیون نہیں دیتے
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) August 8, 2019
یاد رہے گذشتہ روز وفاقی وزیر فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پاکستان کشیدگی نہیں چاہتا لیکن ہم لڑنےسے بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے، دونوں ممالک نیوکلیئر پاورہیں،جنگ ہوئی توپوری دنیا کو خطرہ ہوگا، بھارتی حکومت کا چہرہ دنیاکےسامنےعیاں کرنے کاوقت آگیا ہے۔
اس سے قبل وفاقی وزیر فواد چوہدری نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب میں بھارت سے تمام سفارتی تعلقات منقطع کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے انڈٰین ہائی کمشنر کو فوری واپس بھیجنے کا کہا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ اپنی سیاست کے پیچھے لاشوں کی بے حرمتی نہیں ہونی چاہیے، جب بھارت ہم سے بات کرنے کو ہی تیار نہیں تو ہمارا سفیر وہاں کیا کر رہا ہے؟
فواد چوہدری نے اپنی جذباتی تقریر میں کہا تھا کہ یہ تاثر نہ جائے کہ ہم لڑنے سے بھاگ رہے ہیں، لڑائی ہوئی تو قوم کا بچہ بچہ فوج کے شانہ بشانہ لڑے گا۔
ان کا اپوزیشن لیڈرشپ پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہنا تھا کہ جب وزیراعظم عمران خان نے پوچھا کہ بتائیں کیا کروں تو شہباز شریف اور بلاول بھٹو کو کھڑے ہو کر کہنا چاہیے تھا کہ آپ قدم بڑھائیں، ہم ساتھ ہیں۔