پرویز الٰہی کا بیان ایسا نہیں کہ ہمارے راستے جدا ہو جائیں، فواد چوہدری

فواد چوہدری

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے وزیر اعلیٰ پنجاب کے انٹرویو پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ پرویز الٰہی کا بیان اچنبھے کی بات تھی۔

اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ پرویز الٰہی ساتھ بیٹھے رہے پھر یہ بات کہی، مسلم لیگ (ق) کے لوگ سختیوں سے نہیں گزرے اس لیے ان کا خیال الگ ہے، وہ عمران خان کے فیصلے کے ساتھ کھڑے ہیں۔

فواد چوہدری نے کہا: ’پی ٹی آئی کا الگ اور ق لیگ کا الگ مؤقف ہے۔ وہ 4، 5 ماہ کے لیے ہم سے الگ نہیں ہوگی،۔ مونس الٰہی نے یقین دہانی کرائی ہے کہ پارٹی آپ کے ساتھ ہے۔ ‘

’پرویز الٰہی کا پہلے بھی ایسا ہی مؤقف رہا ہے۔ ان کا ایسا بیان نہیں کہ ہمارے راستے جدا ہو جائیں۔ ق لیگ کو ہمارے ساتھ رہنے میں فائدہ ہے۔ پنجاب میں مستقبل پاکستان تحریک انصاف کا ہے۔‘

رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ حکومت عام انتخابات کے فریم ورک پر بات کرے تو اسمبلیاں توڑنے کی ضرورت نہیں ہوگی، حکومت کو جمعہ تک کا وقت دیا گیا ہے کہ عام انتخابات کے فریم ورک پر بات کرے، انتخابات کے فریم ورک پر بات ہوتی ہے تو اسمبلیاں توڑنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔