فواد چوہدری کا سلمان اکرم راجہ کے پی ٹی آئی سیکرٹری جنرل کے عہدے سے مستعفی ہونے کے فیصلے پر ردعمل

فواد چوہدری

اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سابق رہنما فواد چوہدری نے سلمان اکرم کے عہدہ چھوڑنے کے فیصلے پر ردعمل دیتے پوئے کہا سلمان اکرم صرف اپنا وزن بڑھا رہے ہیں، پارٹی کا عہدہ نہیں چھوڑیں گے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سابق رہنما فواد چوہدری نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام الیونتھ آور میں گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ بدقسمتی سے پارٹی نے اپنے کیسز درست انداز سے نہیں لڑے، جس کا خمیازہ بھگتنا پڑا۔

سابق وزیر کا کہنا تھا کہ سلمان اکرم راجہ کو لیگل کمیٹی کا چیئرمین بنایا گیا لیکن وہ درست کام نہ کرسکے اور ان کی بنائی ہوئی لیگل اسٹریٹیجی بالکل غلط ثابت ہوئی۔

انہوں نے الزام لگایا کہ سلمان اکرم نے زندگی میں پیسوں کے بغیر کبھی کوئی کام نہیں کیا۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ اگر پارٹی نے میری تجویز کردہ لیگل اسٹریٹیجی اپنائی ہوتی تو آج یہ سزائیں نہ ہوتیں، مثال دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ زرتاج گل کے کیس میں تاحال سپریم کورٹ میں اپیل تک دائر نہیں کی گئی۔

سابق رہنما نے کہا کہ پارٹی کی موجودہ لیگل ٹیم دیگر کاموں میں مصروف ہے اور کیسز کو وہ توجہ نہیں مل رہی جو ملنی چاہیے تھی۔

انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کے لیے اب واحد امید شاہ محمود قریشی ہیں، اگر وہ جیل سے باہر آتے ہیں تو پارٹی کی سیاسی اسٹریٹیجی میں بڑی تبدیلی آئے گی کیونکہ وہ اہم کیسز میں پہلے ہی بری ہو چکے ہیں۔

سابق وزیر کا کہنا تھا کہ ہم سیاستدان ہیں، دہشت گرد نہیں، اور مسائل کا حل صرف بات چیت کے ذریعے ہی نکل سکتا ہے، بانی پی ٹی آئی کو ہی ووٹ ملتے ہیں اور انہیں کسی بھی صورت مائنس نہیں کیا جا سکتا۔

انہوں نے الزام لگایا کہ سلمان اکرم راجہ نے مریم نواز کے کیس میں کیلبری فونٹ کے ذریعے جعلی دستاویزات پیش کیے تھے، ان کی علیمہ خانم کے ساتھ لڑائی ہو چکی ہے کیونکہ علیمہ کہتی ہیں کہ بانی پی ٹی آئی نے ضمنی انتخابات میں حصہ نہ لینے کا کہا تھا، تو پھر سلمان اکرم پارٹی کی سیاسی کمیٹی میں ووٹنگ کیوں کروا رہے ہیں۔

فواد چوہدری نے کہا کہ سلمان اکرم صرف اپنا وزن بڑھا رہے ہیں، پارٹی کا عہدہ نہیں چھوڑیں گے۔