اسلام آباد : وفاقی وزیراطلاعات فوادچوہدری نے کہا کہ سیکیورٹی اداروں نے آج کراچی کو ایک بڑی سازش سے بچا لیا، چینی قونصل خانے کے تمام اہلکار محفوظ ہیں، سازش کی تہہ تک پہنچیں گے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیراطلاعات فوادچوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پرچینی قونصل خانے پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا سیکورٹی اداروں نے آج کراچی کو ایک بڑی سازش سے بچا لیا، تمام تین دہشت گردوں کو ہلاک ہوچکے ہیں، اس آپریشن میں پولیس کے دو اہلکاروں نے خون کا نذرانہ پیش کیا۔
فوادچوہدری کا کہنا تھا کہ چینی قونصل خانے کے تمام اہلکار محفوظ ہیں اور صورتحال پولیس اوررینجرز کے مکمل کنٹرول میں ہیں، سازش کی تہہ تک پہنچیں گے۔
سیکورٹی اداروں نے آج کراچی کو ایک بڑی سازش سے بچا لیا ، تمام تین دھشت گرد ھلاک ہو چکے ہیں اس آپریشن میں دو پالیس کے جوانمردوں نے خون کا نذرانہ پیش کیا ۔ چائینہ قونصلیٹ کے تمام اھلکار محفوظ ہیں اور پولیس اور رینجرز صورتحال کے مکمل کنٹرول میں ہیں۔ سازش کی تہہ تک پہنچیں گے۔
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) November 23, 2018
یاد رہے دہشت گردوں نے آج صبح سوا نو بجے کے قریب کراچی میں چینی قونصل خانے پر حملہ کیا، ذرائع کے مطابق تین سے چار حملہ آور سفید کار چینی قونصلیٹ کے قریب پہنچے اور قونصل خانے کے دروازے پر تعینات پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنایا۔
مزید پڑھیں : چینی قونصل خانے پرحملے کی کوشش ناکام ‘ 2 پولیس اہلکار شہید ‘ 3 دہشت گرد ہلاک
بہادراہلکاروں نے مقابلہ کیا جس پر دہشت گردوں نے دستی بموں سے حملہ کردیا، جس میں دو اہلکار شہید ہوگئے، جس کے بعد دہشت گرد قونصل خانے کے احاطے میں داخل ہوئے اور ویزا سیکشن کی طرف بڑھنے کی کوشش کی، یہاں بھی اہلکار موجود تھا، جس نے دہشت گردوں کا مقابلہ کیا ۔
فورسز کے فوری ایکشن کی وجہ سے دہشت گرد احاطے ہی میں محصور رہے اور عمارت کے اندر داخل نہیں ہوسکے ، کارروائی کے دوران تین دہشت گرد باہراحاطے ہی میں مارے گئے، جن سے بھاری اسلحہ اور خود کش جیکٹ برآمد ہوئے۔
دہشت گردی کی اس کارروائی میں چینی قونصل جنرل اورتمام عملہ محفوظ رہا۔